ممبئی: کانگریس پارٹی نے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور گیس کی قلت کے خلاف 12 مارچ کو مہاراشٹر بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اچانک گیس کی قیمتیں بڑھانا پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عوام کے ساتھ سخت ناانصافی ہے اور اس فیصلے نے عام لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
کانگریس کے مطابق گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے جبکہ کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں 115 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گیس بکنگ کا وقفہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، جس کے باعث کئی مقامات پر گیس کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ گیس کی کمی کے سبب بعض علاقوں میں ہوٹل اور کھانے پینے کے مراکز بند ہونے کی نوبت آ گئی ہے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل نے اس سلسلے میں بتایا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے پاس گیس اور ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے کوئی مؤثر منصوبہ بندی نہیں ہے، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری جنگی صورتحال کے باعث گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، لیکن حکومت نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کوئی ٹھوس انتظام نہیں کیا۔
گنیش پاٹل نے کہا کہ گیس کے حصول کے لیے لوگوں کو طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے اور کئی علاقوں میں ہوٹل اور کھانے پینے کے کاروبار بند ہونے کے قریب ہیں۔ حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گیس کی کوئی قلت نہیں ہے، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ عام صارفین اور ہوٹل مالکان کو گیس دستیاب نہیں ہو رہی۔ انہوں نے پارٹی کی جانب سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور گھریلو و تجارتی صارفین کے لیے گیس سلنڈر کی آسان اور مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان مطالبات کے لیے 12 مارچ کو ریاست کے تمام اضلاع میں کانگریس کے لیڈران، عہدیداران، مختلف سیل اور محکموں کے کارکنان احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
رمضان المبارک کے موقع پر تلک بھون میں کانگریس کی جانب سے کل مذہبی افطار پارٹی کا انعقاد
ممبئی: ماہِ رمضان کی مناسبت سے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے دادَر میں واقع پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر تلک بھون میں کل مذہبی افطار پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کر کے بھائی چارے، سماجی ہم آہنگی اور باہمی احترام کا پیغام دیا۔
اس افطار پروگرام میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال بطورِ خاص شریک ہوئے۔ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری سچن ساونت، ریاستی کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے صدر اور سابق رکن اسمبلی وجاہت مرزا، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوراج مورے، ایس سی شعبہ کے صدر سدھارتھ ہتھی امبیرے، ریاستی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ سندیش کونڈویلکر، شاہ عالم شیخ، نظام الدین راعین، جاوید فاروقی اور ڈاکٹر سید ذیشان احمد سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔
رمضان کے مقدس مہینے میں منعقد اس کل مذہبی افطار پروگرام کے ذریعے سماج میں ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور اتحاد کے فروغ کا پیغام دیا گیا۔ شرکاء نے ملک میں امن، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے قیام کے لیے دعا بھی کی۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے اس اقدام کو شرکاء نے سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مختلف مذاہب کے درمیان قربت اور اعتماد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو مضبوط کرتے ہیں۔