لکھیم پور کھیری: اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری سانحہ کی جانچ کرنے والی ایس آئی ٹی نے اپنی تحقیقات میں پایا ہے کہ کسانوں کو گاڑی سے کچلنے کا واقعہ ایک منصوبہ بند سازش تھی۔ ایس آئی ٹی نے اب ملزمان پر لگائی گئی دفعات بھی تبدیل کر دی ہیں۔ مرکزی مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا سمیت 14 ملزمان پر اب غیر ارادتاً قتل کی جگہ قتل کا مقدمہ چلے گا۔ آج ملزمان کی عدالت میں پیشی ہونی ہے۔
لکھیم پور سانحہ کے اہم ملزم آشیش مشرا سمیت 14 لوگوں پر جانچ کے بعد دفعات تبدیل کی گئی ہیں۔ تمام ملزمان پر دانستہ طور پر منصوبہ بنا کر جرم کرنے کا الزام ہے۔ ایس آئی ٹی نے تعزیرات ہند کی دفعات 279، 338، 304 اے کو ہٹا کر 307، 326، 302، 354، 120بی، 147، 148، 149، 3/25/30 عائد کی گئی ہیں۔