اوول، آزاد اور کراس میدانوں کی لیز کی تجدید میں پیش رفتحکومت نے نئی پالیسی کی تیاری کے لیے چار محکموں کو دی مشترکہ ذمہ داری
ممبئی (آفتاب شیخ)
ممبئی کے اوول، آزاد اور کراس میدانوں میں کھیلوں کے کلبوں کو دی گئی زمین کے لیز کی تجدید کے عمل میں تیزی لانے کے لیے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشترکہ طور پر ایک جامع پالیسی تیار کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان میدانوں کو صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ہی استعمال کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کے لیے جدید بیت الخلاء اور چینجنگ رومز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ فیصلہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی صدارت میں وزارت میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں وزیر کھیل دتاتریہ بھرنے، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر آدیتی تٹکرے، محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری او پی گپتا، بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی، محکمہ کھیل کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انل ڈگیکر، شہری ترقی محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر کے ایچ گووندراج، محکمہ تعمیرات عامہ (سڑکوں) کے سکریٹری سداشیو سالونکے، محکمہ کھیل کے کمشنر ہیرالال سوناونے، محکمہ منصوبہ بندی کے جوائنٹ سکریٹری دیپک دیسائی، محکمہ محصولات کے ڈپٹی سکریٹری دھننجے نکم، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
اوول، آزاد اور کراس میدان کی زمین محکمہ ریونیو کی ملکیت ہے، جسے محکمہ کھیل کے ذریعے مختلف اسپورٹس کلبوں کو لیز پر دیا جاتا ہے۔ فی الحال، ان لیز کی میعاد ختم ہو چکی ہے، اور ان کی تجدید کے لیے ایک جامع پالیسی کی ضرورت ہے، جو کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کی جائے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ ان میدانوں پر روزانہ ہزاروں کھلاڑی پریکٹس کرتے ہیں، لہٰذا جدید بیت الخلاء اور چینجنگ رومز کی سہولیات مہیا کی جانی چاہئیں، تاکہ کھلاڑیوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ سہولیات گراؤنڈ کے ایک کونے میں اس طرح تعمیر کی جائیں کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور گراؤنڈ کی خوبصورتی بھی برقرار رہے۔
حکومت کھیلوں اور کھلاڑیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور جلد ہی ان میدانوں کے بہتر استعمال اور ترقی کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کرے گی۔
