اورنگ آباد میں سابق طالب علم کا استاد پر چاقو سے جان لیوا حملہ، شدید زخمی

اورنگ آباد : مہاراشٹر میں بڑھتے جرائم کے درمیان اورنگ آباد سے ایک انتہائی تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں شہر کے چھاؤنی علاقے میں واقع معروف لٹل فلاور اسکول میں ایک سابق طالب علم نے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ (ٹی سی) کے معاملے پر ایک استاد پر دن دہاڑے چاقو سے جان لیوا حملہ کر دیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، حملے میں زخمی ہونے والے استاد کی شناخت وشال فرانسس دوسنگ (ساکن پیتھے نگر) کے طور پر ہوئی ہے۔ چاقو کے وار سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور خون میں لت پت ہو کر زمین پر گر پڑے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق طالب علم ایک کمرے میں موجود خاتون ٹیچر اور استاد وشال فرانسس دوسنگ سے گفتگو کر رہا ہے۔ بات چیت کے دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوتی ہے، جس کے بعد نوجوان اپنی جیب سے چھپایا ہوا چاقو نکالتا ہے اور استاد کے پیٹ پر وار کر دیتا ہے۔

حملے کے بعد کمرے میں موجود خاتون ٹیچر اور دیگر عملے نے نوجوان کو روکنے کی کوشش کی، لیکن اس نے انہیں بھی دھمکاتے ہوئے چاقو دکھایا، جس کے باعث وہاں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق، ملزم 2023 میں اسی اسکول میں زیر تعلیم تھا، لیکن امتحان میں ناکام ہو گیا تھا۔ بدھ کے روز وہ ٹرانسفر سرٹیفکیٹ (ٹی سی) حاصل کرنے کے لیے اسکول پہنچا تھا۔ اس دوران اس نے اپنے نتائج سے متعلق شکایت کی، جس پر کلاس ٹیچر کو طلب کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم پہلے ہی اس استاد سے ناراض تھا۔ دونوں کے درمیان دوبارہ بحث ہوئی، جس کے بعد اس نے چاقو نکال کر حملہ کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کی عمر 17 سال ہے اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے، جبکہ چھاؤنی پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading