ناندیڑ:انتظار کی گھڑیاں ختم‘14 جولائی کومہاراشٹر کے پہلے اردو گھر کا افتتاح

ناندیڑ۔10جولائی( ورق تازہ نیوز ): حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے ریاست کا پہلا اردو گھر ناندیڑ شہر کے دیگلورناکہ علاقہ میں ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوا ہے۔ ناندیڑ ضلع کے موجودہ سرپرست وزیر اشوک چوہان جب ریاست کے چیف منسٹر تھے تب انہوں نے 5 اردو گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ناندیڑ کے اردو گھر کا سنگ بنیاد اشوک چوہان کے ہاتھوں18 فروری2014 کو رکھا گیا تھا۔ اس وقت تقریب میں اقلیتی امور وزیر عارف نسیم خان، مملکتی وزیر فوزیہ خان، ناندیڑ ضلع کے سرپرست وزیر ڈی پی ساونت اور رکن پارلیمنٹ اظہر الدین شریک ہوئے تھے۔

اشوک چوہان اور ڈی پی ساونت کی کاوشوں سے ایک عالیشان عمارت ناندیڑ میں اردو گھر کی تعمیر ہوئی تھی ۔ پچھلی بی جے پی حکومت نے اس کے افتتاح کے کام کو سرد خانہ میں ڈال دیا تھا مگر اب مہاراشٹرا کی وکاس آگھاڑی حکومت کے دور میں اس اردو گھر کا افتتاح ہونے جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ14 جولائی بروز بدھ کو دوپہر 12 بجے اس کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔ اس افتتاحی تقریب میں ریاست کے وزیر تعمیرات و ناندیڑ ضلع کے سرپرست وزیر اشوک چوہان ، اقلیتی امور وزیر نواب ملک، مملکتی وزیر وشو جیت کدم، سابق وزیر عارف نسیم خان، ڈی پی ساونت، رکن اسمبلی موہن ہمبرڈے ، امرناتھ راجورکر و دیگر شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک مشاعرہ بھی اس اردو گھر میں منعقد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اردو گھر کے افتتاح کی تیاری کے سلسلہ میں آج ناندیڑ ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپین اٹنکر ، ایم ایل سی امرناتھ راجورکر، ڈی پی ساونت، ڈپٹی کلکٹر منڈلک ، سابق میئر عبدالستار، کارپوریٹر عبدالغفار، چاند پاشاہ قریشی، منتجب الدین، ایڈوکیٹ عبدالرحمن صدیقی و دیگرنے اردو گھر کا معائنہ کیا۔

اردو گھر کے افتتاح کے سلسلہ میں ایک جائزہ اجلاس فیمس فنکشن ہال میں منعقد ہوا تھا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی امرناتھ راجورکر، موہن ہمبرڈے، ڈی پی ساونت، ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، سابق میئر عبدالستار، سابق چیئرمن شمیم عبداللہ سمیت کانگریس کے تمام کارپوریٹرس موجود تھے۔ ناندیڑ ضلع کے سرپرست وزیر اشوک چوہان کے والد آنجہانی ڈاکٹر شنکر راﺅ چوہان انہوں نے چیف منسٹر بنتے ہی 1975 میں ملک کی پہلی اردو اکیڈمی مہاراشٹرا میں قائم کی تھی اور وہ اس اردو اکیڈمی کے صدر تھے۔ اس اردو اکیڈمی میں ملک کے نامور اردو داں طبقہ سے وابستہ افراد شامل تھے۔ آنجہانی شنکر راﺅ چوہان کی تعلیم اردو میں ہونے کی وجہ سے انہیں اردو سے کافی محبت تھی ۔ آخری لمحہ تک وہ اردو اخبارات کا مطالعہ کرتے تھے۔ ان کے فرزند اشوک چوہان جب مہاراشٹر ا کے جب وزیر ثقافت تھے تب وہ بھی مہاراشٹرا اردو اکیڈمی کے صدر رہ چکے اور ان کی ہی کاوشوں سے مہاراشٹرا میں 5 اردو گھر منظور ہوئے ہیں جس میں سے پہلا اردو گھر ناندیڑ میں تعمیر ہو چکا ہے اب باقاعدہ اس کا افتتاح 14 جولائی کو ہو جائے گا اور یہ اردو گھر مختلف اردو کے ثقافتی پروگرام کے لئے دستیاب ہو جائے گا۔