ام المومنین حضرت عائشہ ؓ پر نعوذباللہ فلم بنانے کی تیاری

وسیم رضوی کی گستاخانہ ، شرپسندانہ اور دل آزار حرکت کی ہرچہار سو مذمت

لکھنؤ۔۱۴؍جولائی:اپنے بیانوں کو لے کر ہمیشہ سرخیوں میں رہنے والے یوپی شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین، وسیم رضوی اب ایک اور فلم بنانے کی تیاری میں ہے یہ فلم ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی زندگی پر ہوگی۔ فلم کا نام رضوی نے ’عائشہ‘ رکھا ہے۔ جس میں یوپی کی سونم ترپاٹھی (نعوذ باللہ ) حضرت عائشہ کا کردار نبھا رہی ہے۔ وسیم رضوی نے فلم کاٹیزر جاری کرکے اپنا بیان بھی جاری کیا ہے جس میں اس نے فلم سےمنسلک کئی باتیں میڈیا سے بتائی۔ رضوی کا کہنا ہے کہ ٹائیگرمیمن اور دائود ابراہیم کی سازش کی وجہ سے سابقہ فلموں میں ہوئی معاشی نقصان کی وجہ سے اس فلم کی تیاری میں کئی مہینوں لگ گئے۔اس نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ فلم ۲۰۲۰ تک ریلیز کردی جائے گی۔ وسیم رضوی کے اس فلم کے بنانے کے اعلان سے مسلمانوں اور مسلم تنظیموں میں سخت غم وغصہ ہے۔ مذہبی اور سماجی کارکنان نے متحدہ ہوکر اس فلم پر پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مسلم تنظیموں کے کارکنان نے کہا کہ وسیم رضوی مسلمانوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے اور اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے رضوی کی طرف سے جاری بیان کی مذمت کی جس میں رضوی نے تفصیل دی کہ سونم ترپاٹھی (نعوذ باللہ ) ام المومنین حضرت عائشہ کا کردار نبھائے گی۔ شیعہ عالم دین امام جمعہ مولانا کلب جواد نقوی نے اس فلم کے اعلان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اترپردیش اور مرکزی حکومت کو اس فلم کے بنانے پر پابندی لگانی چاہئے کیوں کہ اس سے ملک کا ماحول خراب ہوگا اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے ۔ مولانا نے کہاکہ وسیم رضوی ایک اسرائیلی اور مسلمانوں کے قاتلوں کا ایجنٹ ہے جو اس طرح کی حرکتیں کررہا ہے۔ لیکن جس طرح یہ پہلے ناکام رہا ہے آگے بھی اسی طرح ناکام ونامراد ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اس سے قبل وسیم رضوی نے کروڑوں روپیوں کی لاگت سے ایک فلم بنائی تھی جس کا مقصد شیعہ سنی اور ہندو اور مسلمانوں کو باہم دست وگریباں کرنا تھا لیکن اس کی یہ فلم بری طرح سے ناکام ثابت ہوئی اس فلم کو نہ ہندوئوں نے دیکھا او رنہ ہی مسلمانوں نے اب وہ ایک اور فلم بناکر ملک میں فرقہ وارانہ فساد کرانے کی کوشش کررہا ہے اس لیے حکومت کو فوراً اس فلم پر پابندی عائد کرنی چاہئے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن و لکھنو عیدگاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کی ازواج مطہرات جیسی پاکیزہ ہستیوں پر کسی بھی فلم کا بنانا قابل مذمت ہے۔ حضرت عائشہ ؓ کی شخصیت یہ ہے کہ قرآن کریم میں اللہ تعالی نے ان کے کردار کی تعریف کی ہے ۔ حضرت عائشہ ام المومنین یعنی مسلمانوں کی مقدس ماں ہیں۔ آل انڈیا مسلم خواتین پرسنل لا بورڈ کی شائستہ عنبر نے کہاکہ کوئی کیسے ام المومنین حضرت عائشہ جیسی مقدس وپاکیزہ شخصیت کے بارے میں فلم بنانے کےلیے سوچ سکتا ہے۔

بشکریہ ممبئی اردو نیوز

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading