امیت شاہ کے بیان پر غم و غصہ: تھانے کے آنند نگر میں ڈاکٹر امبیڈ کر کے پیروکاروں کی احتجاجی ریلی وزیر داخلہ کے استعفیٰ کا مطالبہ، ش اہ کی فوٹو جلا کر مظاہرین نے کیا برہمی کا اظہار

امیت شاہ کے بیان پر غم و غصہ: تھانے کے آنند نگر میں ڈاکٹر امبیڈکر کے پیروکاروں کی احتجاجی ریلی
وزیر داخلہ کے استعفیٰ کا مطالبہ، شاہ کی فوٹو جلا کر مظاہرین نے کیا برہمی کا اظہار

تھانے (آفتاب شیخ)
بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ بیان پر ملک بھر میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور جگہ جگہ ان کے خلاف مظاہرہ بھی کئے جارہے ہیں۔ اس بیان کے خلاف تھانے کے کوپری علاقے کے آنند نگر میں بھی ڈاکٹر امبیڈکر کے پیروکاروں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ اس احتجاج میں دو ہزار سے زیادہ ڈاکٹر امبیڈکر کے پیروکاروں اور مظاہرین نے شرکت کی، جنہوں نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے امیت شاہ کے بیان کے خلاف زوردار نعرے لگائے۔
ریلی آنند نگر مزدور کلیان کیندر کے میدان سے شروع ہوئی، جس میں لوگ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چوک، بدھ وہار مارگ سے ہوتے ہوئے بارہ بنگلہ سرکل کے قریب چھترپتی شیواجی مہاراج میموریل تک پہنچے۔ احتجاج کے دوران، مشتعل مظاہرین نے امیت شاہ کی تصویر جلا کر اپنے غصے کا اظہار کیا اور مرکزی وزیر داخلہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی میں معروف شخصیات جیسے ملند بنکر، صحافی آنند کامبلے، پروین گائیکواڑ، وجے دلوی، سونالی سردار، نیلیش کھیرے، سندیپ بنکر، اور دیگر نے شرکت کی۔ ان کے ساتھ سبھاش بھوسلے، شرد ویادنڈے، اتم کھڈے، صحافی نتن دودھ ساگر اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی احتجاج میں شامل ہوئیں۔
یہ احتجاج امیت شاہ کے بیان پر عوام کے شدید غم و غصے اور آئینی اقدار کے تئیں ان کی وابستگی کا مظاہرہ ہے۔ مظاہرین نے اس بات پر زور دیا کہ امبیڈکر کے نظریات اور ان کے آدرشوں کی توہین ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ احتجاجی مظاہرہ اس بات کا غماز ہے کہ لوگ آئینی حقوق اور سماجی انصاف کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading