الیکشن سے قبل اتراکھنڈ بی جے پی کو لگا جھٹکا، وزیر ٹرانسپورٹ یشپال آریہ اور رکن اسمبلی سنجیو کانگریس میں شامل

اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ یشپال آریہ اور ان کے رکن اسمبلی بیٹے سنجیو آریہ دہلی میں کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی موجودگی میں دونوں لیڈران کانگریس میں شامل ہوئے۔ دہلی میں کانگریس قومی ترجمان رندیپ سرجے والا اور ریاستی انچارج دیویندر یادو کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں یشپال اور سنجیو آریہ نے واپسی کی۔ اس دوران حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ، ریاستی صدر گنیش گودیال اور سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت بھی موجود رہے۔

کانگریس میں شامل ہونے سے قبل دونوں لیڈروں نے راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ راہل گاندھی نے پارٹی میں شامل ہونے پر دونوں لیڈروں کا استقبال کیا۔ قابل ذکر ہے کہ یشپال آریہ باج پور اور ان کے بیٹے سنجیو آریہ نینی تال سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔