آندھرا پردیش: سابق وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے جلسہ میں بھگدڑ، 7 لوگوں کی موت، کئی افراد زخمی

نیلور: آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) چیف چندرابابو نائیڈو کے ایک جلسہ میں بھگدڑ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بھگدڑ میں نہ صرف سات لوگوں کی موت ہو گئی ہے بلکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ جلسہ نیلور ضلع کے کندکور میں منعقد ہوا تھا جہاں لوگوں کی کافی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔

موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ بھگدڑ کے بعد زخمی ہوئے لوگوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ ان میں سے 5 لوگوں کو ڈاکٹرس نے اسی وقت مردہ قرار دے دیا۔ بعد میں مزید دو لوگوں کی موت کی اطلاع ڈاکٹرس کے ذریعہ دی گئی۔ کم از کم 8 افراد اب بھی زخمی بتائے جا رہے ہیں جن میں سے 2 کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلسہ کے دوران پارٹی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تھی جس نے کچھ ہی دیر میں بھگدڑ کی شکل اختیار کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین سبھی 7 افراد ٹی ڈی پی کے ہی کارکنان ہیں۔

پولیس کے مطابق بدھ کے روز جب چندرابابو نائیڈو ایک روڈ شو سے خطاب کر رہے تھے تبھی بھگدڑ کی حالت پیدا ہوئی اور وہاں نہر میں گرنے کے سبب ایک خاتون سمیت 7 افراد کی موت واقع ہو گئی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading