’آر ٹی ای‘ کے تحت داخلے کے لیے درخواستیں شروع، 27 جنوری تک درخواست دی جا سکتی ہے
تھانے (آفتاب)
’آر ٹی ای‘ (رائٹ ٹو ایجوکیشن) کے تحت 25 فیصد نشستوں پر داخلہ لینے کی آن لائن درخواست کا عمل 14 جنوری سے شروع ہو گیا ہے۔ والدین 27 جنوری تک اس عمل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روہن گھوگے نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے مستحق بچوں کے لیے درخواستیں جمع کروائیں۔
’آر ٹی ای‘ قانون کے تحت سماجی، تعلیمی طور پر پسماندہ، اور کمزور طبقات کے بچوں کو غیر امدادی نجی اسکولوں میں 25 فیصد نشستوں پر مفت داخلہ دیا جاتا ہے۔ تھانے ضلع کی تمام پنچایت کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنوں کے دائرے میں کل 627 اسکول مستحق قرار دیے گئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 11,320 خالی نشستیں دستیاب ہیں۔
’آر ٹی ای‘ کے تحت آن لائن داخلے کے لیے بچوں کی درخواست رجسٹریشن کی سہولت مہاراشٹر حکومت کی ویب سائٹ
https://student.maharashtra.gov.in/adm_Portal
پر 14 جنوری سے 27 جنوری تک دستیاب ہوگی۔ تھانے ضلع پریشد کے تعلیم افسر (پرائمری) بالا صاحب راکشیے نے معلومات فراہم کی ہے کہ حکومت کی جانب سے والدین کے لیے ہیلپ سینٹروں کی فہرست، آن لائن درخواست دینے کے لیے رہنما کتابچہ، مطلوبہ دستاویزات اور دیگر تفصیلات فراہم کی گئی ہیں، جو سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ اس بارے میں تمام متعلقہ افراد کو آگاہ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
