ناندیڑ:21جون ۔(ورق تازہ نیوز)محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے بیڑ‘عثمان آباد‘ناندیڑ‘اور لاتور اضلاع میں 22جون کو کچھ مقامات پر موسلادھاربارش کا اشارہ دیا ہے ۔ اسلئے تمام تعلقہ جات کے قدرتی آفات سماوی کنٹرو ل روم 24گھنٹے مستعد رکھ ہر گھنٹہ ہونے والی بارش اور کچھ نقصان ہونے پر اسکا پیغام اس دفتر تک پہنچائیں اس دوران آسمانی بجلی گرنے کاخدشہ بھی ظاہر کیاگیا ہے۔مانسون مہاراشٹر میں کل داخل ہوگیا ہے اور کونکن و گوا میں زبردست بارش ہورہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ آئندہ دو دنوں میں مانسون مہاراشٹربھر میںسرگرم ہوجائے گا۔ اس مرتبہ گرمی کی شدت بھی زیادہ رہی اور مانسون بھی کافی تاخیر سے پہنچا ہے جس سے ہر کوئی جھلسانے دینے والی گرمی سے پریشان ہے ۔درجہ حرارت میں کمی تو آئی ہے لیکن گرمی ابھی بھی ہورہی ہے ۔اپریل و مئی میںغیر موسمی بارش کی توقع تھی لیکن اس مرتبہ وہ بھی نہیں ہوئی ہے ۔شدت کی گرمی و مانسون کی تاخیر سے مراٹھواڑہ بھر میں پینے کے پانی کا مسئلہ کافی سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے ۔ محکمہ موسمیا ت نے عوام الناس سے کل ہونے والی بارش کے مدنظر کچھ احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔جس کے مطابق کل بارش میں بجلیوں کی گھن گرج بھی ہوگی اسلئے گھروںسے باہر جانے میں احتیاط برتیں ‘کسان دوپہرتین تا شب سات بجے تک کھیتی و دیگر کاموں سے گریز کریں کیونکہ اس دوران بجلی گرنے کاخدشہ ہے ‘اپنے مویشیوںکو درختوں کے نیچے ‘ پانی کے مقامات ‘و بجلی کے پول کے پاس نہ باندھے انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کرلیں ‘ذخیرہ آب و ندی کے قریب نہ جائیں‘والدین سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہاگیاکہ وہ اپنے بچوں کو ذخیرہ آب و ندی پر تیراکی کیلئے جانے نہ دیں۔