این سی پی–ایس پی یوتھ ونگ کا چیف فائر آفیسر کو سخت اقدامات کے لیے تفصیلی میمورنڈم پیش
ممبئی: گووا کے ایک نائٹ کلب میں حال ہی میں پیش آنے والی دل دہلا دینے والی خوفناک آگ، جس میں 25 معصوم شہری جان کی بازی ہار گئے، نے ممبئی میں نائٹ کلبوں اور تفریحی مقامات پر موجود حفاظتی انتظامات کے بارے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس پس منظر میں این سی پی- ایس پی کی جانب سے ممبئی میں فوری اور سخت احتیاطی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے میونسپل ہیڈکوارٹر میں چیف فائر آفیسر رویندر آمبولکر کو ایک تفصیلی میمورنڈم دیا گیا ہے۔
یہ میمورنڈم این سی پی- یوتھ ونگ کے ریاستی ترجمان اور ممبئی یوتھ ونگ کے صدر ایڈوکیٹ امول ماتیلے کی قیادت میں ایک وفد نے دیا۔ اس وفد میں ضلع صدر سنتوش پوار، تعلقہ صدر سویوگ بھجبل، ممبئی سیکریٹری بلیس ڈیسوزا اور کلینا تعلقہ نائب صدر ستیش پوار موجود تھے۔ میمورنڈم کہا گیا ہے کہ ممبئی کے بڑے نائٹ کلبوں اور تفریحی مراکز میں فوری طور پر سرپرائز فائر سیفٹی انسپیکشن کیے جائیں تاکہ اس بات کی جانچ کی جا سکے کہ کیا ان مقامات پر فائر این او سی، الرٹ سسٹم، ہائیڈرینٹ، اسپرنکلر، اسموک ڈیٹیکٹر، ہنگامی راستے اور وینٹی لیشن سسٹم قانونی تقاضوں کے مطابق فعال ہیں یا نہیں۔ ایڈووکیٹ امول ماتیلے کا کہنا ہے کہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ تمام ہجوم والے مقامات کی حفاظتی حالت کا سختی سے جائزہ لیا جائے اور جہاں بھی بے ضابطگیاں پائی جائیں، وہاں فوری کارروائی کی جائے۔
میمورنڈم کے ذریعے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ آگ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے اور ایسے اداروں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں، ان کے احاطے سیل کئے جائیں، جرمانے عائد کیے جائیں اور قانونی مقدمات درج کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی نائٹ کلبوں میں کی گئی غیر قانونی تبدیلیوں اور تعمیراتی خلاف ورزیوں پر بھی فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ این سی پی- ایس پی یوتھ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ بی ایم سی، فائر بریگیڈ اور پولیس پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کی جائے جو ہفتہ وار چھاپے مارے، رات کے وقت بھی معائنہ کرے اور ویڈیو گرافک ثبوتوں کے ساتھ اپنی رپورٹ پیش کرے۔
میمورنڈم کے ذریعے نائٹ کلب کے ملازمین اور شہریوں کے لیے فائر سیفٹی ٹریننگ لازمی قرار دینے کی بھی اپیل کی گئی، جس میں باقاعدہ ماک ڈرلز، ایمرجنسی رسپانس ٹریننگ اور آگ سے متعلق شعور بیداری پروگرام شامل ہوں۔ ایڈووکیٹ ماتیلے کا کہنا ہے کہ ’پرافٹ اوور سیفٹی‘ کا رویہ جان لیوا ثابت ہوتا ہے، اس لیے شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دینا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے یادداشت پیش کرتے وقت کہا کہ گووا کی المناک حادثہ انتظامیہ اور کلب مالکان دونوں کے لیے سنگین انتباہ ہے۔ ممبئی جیسے گنجان اور حساس شہر میں اس طرح کے واقعات کسی بھی وقت بڑے جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے فوری، فیصلہ کن اور سخت کارروائی ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
NCP-SP Urdu News 9 Dec. 25.docx