خلیل احمد کو ایشیا کپ 2018 میں ملی جگہ، خوشی سے جھوم اٹھا راجستھان

0 40

ایشیا کپ 2018 کے لئے اعلان شدہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں راجستھان کے ٹونک کے نوجوان کرکٹرخلیل احمد کو جگہ ملی ہے۔ ایشیا کپ کے لئے ٹیم میں نام آتے ہی خلیل احمد کے ٹونک واقع رہائش گاہ پرجشن کاماحول ہوگیا۔ خاص بات یہ رہی ہے کہ ٹیم کے اعلان کے وقت خلیل ٹونک میں ہی تھے۔
کرکٹ شائقین نے خلیل احمد کا پھول مالاوں سے والہانہ استقبال کیا۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے دبئی میں شروع ہوگا۔ خلیل کی اس کامیابی پرریاست کی وزیراعلیٰ وسندھرا راجے نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

وسندھرا راجے نے کہا کہ خلیل احمد کی ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانا ہمارے لئے فخرکی بات ہے۔  وہیں راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی اے) کے صدرڈاکٹر سی پی جوشی نے بھی ہندوستانی ٹیم میں انتخاب پرخلیل کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

ٹونک کی گلیوں سے شروع ہوا تیزگیندباز خلیل احمد کا کیریئرآج ایشیا کپ کی ٹیم کا رکن بننے تک پہنچ گیا۔ خلیل احمد کے اس سفر میں ان کے کھاتے میں کئی حصولیابیاں شامل ہیں۔ 5 دسمبر 1997 میں ٹونک کے خورشید نقوی کے گھرپیدا ہوئے خلیل نے اپنی پوری تعلیم ٹونک میں ہی حاصل کی ہے۔

خلیل احمد ابھی بی اے آخری سال کے طالب علم ہیں، کرکٹ کی مصروفیت کے سبب وہ دو سالوں سے امتحان نہیں دے سکےہیں۔ ہندوستانی ٹیم میں انتخاب سے خلیل احمد بے حد خوش نظرآئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں مستقبل میں بہترین کارکردگی کرنے کی ترغیب ملے گی۔

#urdu news