جرنلسٹ رجسٹر کروائیں وہاٹس ایپ گروپ ، ورنہ ہوگی قانونی کارروائی
اترپردیش کی یوگی حکومت نے میڈیا پر شکنجہ کسنے کیلئے اب وہاٹس ایپ گروپ پر لگام لگانا شروع کردیا ہے۔ للت پور ضلع انتظامیہ نے ایک عجیب و غریب فرمان جاری کرتے ہوئے صحافیوں کو رجسٹریشن کے بغیر میڈیا وہاٹس ایپ گروپ چلانے پر روک لگادی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے حکم جاری کرکے ضلع کے سبھی صحافیوں سے کہا ہے سبھی میڈیاوہاٹس ایپ گروپ کو محکمہ اطلاعات کے پاس رجسٹرڈ کرائیں ، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
اس فرمان کو ضلع افسر مانویندر سنگھ اور پولیس کپتان ڈاکٹر او پی سنگھ نے تحریری طور پر جاری کیا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ضلع کا کوئی بھی صحافی محکمہ اطلاعات میں رجسٹریشن کروائے بغیر میڈیا وہاٹس ایپ گروپ نہیں چلا سکتا ہے۔