اتر پردیش میں ایک اور مسلمان موب لنچنگ کا شکار
یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں ایک اور موب لنچنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے اور ایک بار پھر مسلم شخص پٹائی سے ملے زخموں کی تاب نہ لا کر موت کی نیند سو گیا۔ ذرائع کے مطابق بریلی ضلع کے بھولا پور ہنڈولیا گاؤں کے کچھ لوگوں نے 22 سالہ نوجوان شاہ رخ خان پر بھینس چرانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بری طرح پیٹا۔ گاؤں والوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اس کے ساتھ تین مزید لوگ تھے جو بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔خبروں کے مطابق یہ پورا معاملہ منگل کی دیر رات تقریباً 2.30 بجے کا ہے۔
گاؤں والوں نے جب شاہ رخ کی خوب پٹائی کر لی تو صبح تقریباً 6 بجے پولس کو مطلع کیا۔ جب پولس آئی تو اس نے دیکھا کہ اس کی حالت بہت خراب ہے اور فوراً ضلع اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا۔ لیکن چوٹ اتنی گہری تھی کہ بدھ کی صبح تقریباً 10 بجے اس کی موت ہو گئی۔
اس سلسلے میں بریلی کے ایک سینئر پولس افسر ابھینندن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’گاؤں والوں نے واقعہ سے متعلق بتایا اور ہم نے وہاں پہنچ کر فوراً زخمی کو اسپتال پہنچایا۔ اس نے ڈرگ کا اوور ڈوز لے لیا تھا۔‘‘ گاؤں والوں کا بھی کہنا ہے کہ جب شاہ رخ کی پٹائی ہو رہی تھی تو اسی دوران موقع ملتے ہی اس نے کوئی دوا کھا لی تھی۔
لیکن لاش کے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کچھ اور ہی باتیں نکل کر سامنے آ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شاہ رخ کی موت کی وجہ اندرونی چوٹ بتائی گئی ہے۔ اس کے مطابق مہلوک کو جگر اور گردے میں کافی چوٹ پہنچی ہے۔ ایک میڈیا چینل سے بات چیت کرتے ہوئے بریلی پولس نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈرگ اوور ڈوز کی بات سامنے نہیں آئی ہے۔
اس پورے معاملے میں شاہ رخ کے اہل خانہ کا بیان قابل ذکر ہے جو بار بار کہہ رہے ہیں کہ اس کا کبھی چوری یا کسی غلط کام میں رجحان نہیں رہا، وہ تو دوبئی میں زری کا کام کرتا تھا۔ تقریباً ایک مہینے قبل ہی وہ بریلی اپنے گھر آیا تھا۔ شاہ رخ کے بھائی فیروز خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ باہر گیا تھا لیکن جب دیر رات تک واپس نہیں آیا تو فکر ہوئی، لیکن سب یہی سوچ رہے تھے کہ صبح تک آ جائے گا۔ صبح پولس نے فون کر کے گھر والوں کو بتایا کہ شاہ رخ اسپتال میں ہے اور اس پر بھینس چرانے کی کوشش کا الزام لگا ہے۔
اس پورے معاملے میں بریلی پولس نے دو معاملے درج کیے ہیں۔ ایک میں 25 لوگوں کے خلاف قتل کا کیس درج کیا گیا ہے اور دوسرے میں بھینس چوری کا کیس شامل ہے۔ بھینس چوری معاملے میں شاہ رخ خان اور اس کے تین دوستوں کا نام شامل ہے جب کہ قتل معاملہ میں کسی کا نام نہ دے کر نامعلوم شخص کے خلاف کیس ہے۔ دونوں ہی معاملے میں کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ کے ساتھ جن لڑکوں کے ہونے کی بات کہی جا رہی ہے ان میں سے ایک کا نام پپو اور دوسرے کا ماجد ہے۔ ایک دیگر شخص کے بارے میں ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔