تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں خوفناک بس حادثہ33 افراد ہلاک

0 26

حیدرآباد:11ستمبر۔(ایجنسیز) تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں پیش آئے خوفناک بس حادثہ میں 32افراد بشمول 7 بچے ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ ضلع جگتیال کے کونڈاگٹو علاقہ میں اس وقت پیش آیا جب یہ بس کے گھاٹ عبور کرنے کے دوران اس کا بریک فیل ہوگیا جس کے نتیجہ میں بس بے قابو ہوکر کافی اونچائی سے کھائی میں گر پڑی۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی 20افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بعض افراد کے اسپتال منتقل کے دوران ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اسپتال میں زیرعلاج 10 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثہ کے وقت بس میں 60مسافرین سوار تھے۔زخمیوں کو فوری علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔تلنگانہ کے کارگزار وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔اس حادثہ میں اموات پر مرنے والوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کی بہتر طبی نگہداشت کو یقینی بنائیں۔کونڈاگٹو علاقہ انجینا سوامی مندر کے لئے مشہور ہے۔یہ تمام مسافرین مندر میں درشن کے بعد واپس ہورہے تھے۔