محمد فہیم الدین شہر صدر ،محمد اظہرالدین شہر سیکریٹری،زبیر یافعی نائب ضلع صدر نامزد
ناندیڑ:13؍ستمبر(عبدالرحمٰن):آل انڈیا تنظیم انصاف کی شہر باڈی کی تشکیل عمل میں آچکی ہے۔ اس ضمن میں آل انڈیا تنظیم انصاف کے ضلع دفتر پر ذمہ داران و کارکنان کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں محمد فہیم الدین کو شہر صدر جبکہ محمد اظہرالدین کو شہر سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ زبیر یافعی کو تنظیم انصاف کا ضلع نائب صدر بنایا گیا۔اسی طرح تنظیم کے دیگر مقامی ذمہ دارن کے بھی انتخابات عمل میں آئے۔مذکورہ جانکاری تنظیم انصاف کے ضلع صدر عبدالبصیر ماجد نے دی ۔تفصیلات کے بموجب آل انڈیا تنظیم انصاف ایک سماجی تنظیم ہے جوخدمت خلق بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ملک بھر میں سرگرم ہے۔تنظیم کی جانب سے اقلیتوں کی تعلیمی،معاشی،سماجی بہبود کے لئے مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔بالخصوص ملک میں قانون کی بالادستی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے لئے تنظیم انصاف کی جانب سے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔تنظیم کی جانب سے قومی،ریاستی،ضلعی و مقامی یونٹوں کے ذریعہ مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ناندیڑ شہر کی باڈی کی تشکیل کے ضمن میں تنظیم انصاف کے ضلع دفتر پر آل انڈیا تنظیم انصاف کے قومی سیکریٹری فاروق احمد کی زیر نگرانی ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔اس اجلاس میں ضلع صدر عبدالبصیر ماجد ،جاوید ہاشمی،شیخ بلال،شریدھر کامبلے ،محمد قاسم کے علاوہ تنظیم کے کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اجلاس میں تنظیم انصاف کی شہر باڈی کی تشکیل عمل میں آئی۔تنظیم کے سرگرم کارکن محمد فہیم الدین کو شہر منتخب کیا گیا جبکہ محمد اظہرالدین کو شہر سیکریٹری بنایا گیا۔معین قریشی اور عامر ارسل کو نائب صدور کی ذمہ داریاں یفویض کی گئیں۔محمود دیشمکھ اور عبدالباری جوائنٹ سیکریٹریز بنائے گئے۔گووند ساہوکار اور انیل رائوت مجلس عاملہ کے ممبران منتخب کئے گئے۔اجلاس میں ضلع نائب صدر کی مخلوعہ نشست پر بھی انتخاب عمل میں آیا جس کے مطابق زبیر یافعی تنظیم انصاف کے نائب ضلع صدر بنائے گئے۔قومی سیکریٹری فاروق احمد نے ناندیڑ شہر باڈی کے تمام نومنتخب ذمہ داران کو نصیحت کی کہ وہ پوری لگن اور احساس جواب دہی کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں اور عوام کی خدمت میں جٹ جائیں۔ضلع صدر عبدالبصیر ماجداور تنظیم کے دیگر عہدیداران نے تمام نومنتخب ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔


اپنی رائے یہاں لکھیں