مختلف ممالک کے عجیب قوانین اور مضحکہ خیز پابندیاں

0 85

دنیا بھر کی حکومتیں اور ریاستیں اپنی مختلف ضرورتوں اور امن و مان کی صورتحال قائم رکھنے کے لیے قوانین بناتی رہتی ہیں- لیکن دنیا کے چند ممالک میں ایسے دلچسپ اور عجیب قوانین اور مضحکہ خیز پابندیاں بھی موجود ہیں جن کے نافذ کرنے کی بظاہر کوئی خاص وجہ سمجھ نہیں آتی- یہاں ہم دنیا بھر میں موجود چند ایسے ہی عجیب و غریب قوانین کا ذکر کر رہے ہیں-

رنجیدہ
اگر آپ میلان جا رہے ہیں تو یاد رکھیے کہ آپ کو اس شہر میں ہر وقت چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھنی ہوگی- جی ہاں اس اطالوی شہر میں رنجیدہ یا غم سے آراستہ چہرے کے ساتھ گھومنے پر پابندی عائد ہے- آپ یہاں افسردہ چہرے کے ساتھ صرف اسپتال یا پھر کسی شخص کی آخری رسومات کی ادائیگی میں ہی جاسکتے ہیں- اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے-

رقص
1948 میں جاپان نے ایک قانون بنایا جس کے تحت عوامی مقامات پر رقص کرنے پر پابندی عائد کردی گئی- شہریوں کو رقص کی اجازت صرف لائسنس یافتہ کلب میں دی گئی-

جیب میں آئسکریم رکھنا منع ہے
یقیناً یہ سننے میں بھی عجیب لگتا ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ امریکہ کے ایک قانون کے مطابق آپ جیب میں آئسکریم رکھ کر چہل قدمی نہیں کرسکتے- دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ عجیب و غریب قانون صرف اتوار کے روز لاگو ہوتا ہے-

کیچپ
آپ کو یہ جان کر ضرور حیرت ہوگی کہ اپنی مزیدار ڈشز کی بدولت دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے ملک فرانس کے اسکولوں میں کیچپ کھانا منع ہے- طلبا صرف ایک ہی صورت میں کیچپ کھا سکتے ہیں جب وہ فرنچ فرائز کھا رہے ہو- اس کے علاوہ انہیں کسی چیز کے ساتھ یا پھر علیحدہ بھی کیچپ کھانے کی اجازت نہیں-

میکڈونلڈ
یوں تو فاسٹ فوڈ کی بدولت شہرت رکھنے والے میکڈونلڈ نے دنیا بھر کے متعدد ممالک میں اپنے ریسٹورنٹ قائم کر رکھے ہیں لیکن ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ مختلف ممالک کی مقامی انتظامیہ نے ان ریسٹورنٹ پر پابندی عائد کر رکھی ہے- ان ممالک میں نیوزی لینڈ٬ برمودا٬ قازقستان اور مونٹے نیگرو شامل ہیں-

زرد رنگ کا لباس
2011 میں ملائیشیا کی حکومت نے زرد رنگ کا لباس پہننے پر پابندی عائد کردی کیونکہ یہ اس وقت حزب اختلاف کے ایک گروپ کا رنگ تھا جو کہ وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہا تھا-

اسکریبل (Scrabble)
1980 میں رومانیہ کے صدر Nicolae Ceausescu نے دنیا کے مقبول ترین ورڈ گیم اسکریبل کے کھیلنے پر پابندی عائد کر دی- ان کا کہنا تھا کہ یہ گیم “ ضرورت زیادہ ذہانت “ رکھنے والے ہی کھیل سکتے ہیں اور اسے کھیلنے کے لیے انسان کو ہر زاویے سے سوچنا پڑ سکتا ہے جس سے وہ کئی مطلب نکال سکتا ہے-

سیاہ رنگ کی گاڑی
ترکمانستان کے کسٹم حکام نے دیگر ممالک سے سیاہ رنگ کی گاڑی امپورٹ کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے- حکام کی جانب سے اس عجیب و وغریب پابندی کی کوئی وجہ بھی نہیں بیان کی گئی- تاہم یہ مشورہ ضرور دیا گیا ہے کہ سفید رنگ کی گاڑیاں امپورٹ کی جائیں کیونکہ یہ خوش قسمتی کی علامت ہے-