ناندیڑمیں راشن کی کالابازاری کے خلاف ایم آئی ایم سرگرم
ضلع کلکٹر سے اندرون ایک ماہ سخت کاروائی کامطالبہ
ناندیڑ: 11ستمبر ۔(راست)ناندیڑ شہرو ضلع میں راشن کے سستے اناج کی کالابازاری عروج پر ہے ۔ جس کے خلاف مجلس اتحادالمسلمین نے کاروائی کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔اسی ضمن میں آج ضلع کلکٹر کو مجلس کی جانب سے ایک میمورنڈم دیتے ہوئے اناج کی کالابازاری کوروکنے کیلئے اندرون ایک ماہ سخت اقدامات کرنے کی مہلت دی ہے اسکے بعد مجلس اپنے طور پرکام کرے گی ۔مجلس کے ضلع صدر جناب فیروز لالہ کی ہدایت پر مجلس کے یوتھ صدر جناب مسعود حسین کی قیادت میں مجلس کے وفد نے ضلع کلکٹردفتر پہنچ کر آر ڈی سی شری وینیکر سے ملاقات کی اورانھیں مطالبات پر مبنی میمورنڈم پیش کیا ۔جس میںاندرون ایک ماہ موثر کاروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔اس میمورنڈم کے فوری بعد محکمہ سپلائی کے آفیسر شری وجئے چوہان نے فوری اقدامات شروع کردئے اورکہاکہ راشن کے اناج کی کالابازاری عروج پر ہے ۔اسکی جڑیں کافی دور تک پھیل چکی ہے جسے کاٹنے کےلئے عوام کو بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا ۔میمورنڈم دیتے وقت مجلس کے حیدر پٹیل ‘محمدتاج بھائی ‘غوث انعامدار ودیگر موجودتھے۔