ارنب گوسوامی کے خلاف این بی ایس اے میں پاپولر فرنٹ کی شکایت

نئی دہلی؛۶ستمبر.پاپولر فرنٹ کیرالہ ریاست کے جنرل سکریٹری سی پی محمد بشیر نے کیرالہ کے عوام کے تعلق سے رپبلک ٹی وی کے مدیر اعلیٰ ارنب گوسوامی کے توہین آمیز تبصرے کے خلاف نشریاتی ادارے میں شکایت درج کرائی ہے۔ سی پی بشیر نے اپنی شکایت میں ارنب پر ملیالی عوام کی نسلی توہین اور صحافتی اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این بی ایس اے کے مطابق، پہلی شکایت چینل براڈکاسٹر میں کی جانی تھی جو کہ کی جا چکی ہے۔ اگر ایک ہفتے کے اندر کوئی کاروائی نہیں کی گئی، تو وہ دوسری شکایت درج کروائیں گے۔ ارنب نے رپبلک ٹی وی کے 25/اگست کے پرائم ٹائم مباحثے میں ”Flood Aid Lie“ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کیرالہ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ جس کے دوران گوسوامی نے ملیالی عوام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا، ”میں نے ان سے بے شرم ہندوستانیوں کو کبھی نہیں دیکھا“۔ یہ بات واضح ہے کہ مرکزی حکومت کے لیے میگافون کا کام کرنے والے ارنب گوسوامی نے صرف اور صرف یہ ثابت کرنے کے لیے یہ بحث رکھی تھی کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 700/کروڑ کی امداد کی بات فرضی ہے۔ اس نے یہ تاثر قائم کرنے کی کوشش کی کہ ارنب سے اختلاف رکھنے والے لوگوں کو ملک کے خلاف کام کرنے کے لیے بیرون ملک سے فنڈ ملا ہے۔