جسٹس رنجن گوگوئی ہوں گے اگلے چیف جسٹس، دیپک مشرا نے نام کو دی منظوری

نئ دہلی. 2 ستمبر(زرائع)جسٹس رنجن گوگوئی ملک کے آئندہ چیف جسٹس (سی جے آئی) بننے جارہے ہیں۔ موجودہ چیف جسٹس دیپک مشرا نے ان کے نام کی سفارش کی ہے۔ جسٹس دیپک مشرا 2 اکتوبر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ عدالتی روایات کے مطابق سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج کو چیف جسٹس بنایا جاتا ہے۔سینئرٹی کے لحاظ سے جسٹس گوگوئی موجودہ چیف جسٹس دیپک مشرا کے بعد سب سے اوپر ہیں، لہٰذا ان کا اگلا سی جے آئی بننا تقریباً طے ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت قانون نے پروٹوکول کے تحت دیپک مشرا سے اپنے جانشین کے نام کی سفارش بھیجنے کو کہا۔چیف جسٹس مشرا نے ہفتہ کو جسٹس رنجن گوگوئی کی سفارش وزارت قانون کو بھیجی ہے۔ اب اس کا رسمی اعلان ہونا باقی ہے۔ واضح رہے کہ جسٹس گوگوئی کو 28 فروری 2001 میں گوہاٹی ہائی کورٹ کا جج مقررکیا گیا تھا۔ وہ پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ کے بھی جج رہ چکے ہیں۔ اس کے بعد وہ سپریم کورٹ کے جج بنائے گئے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس رنجن گوگوئی دواکتوبرکواگلے چیف جسٹس کے طور پرحلف لیں گے۔ کون ہیں جسٹس گوگوئی؟جسٹس رنجن گوگوئی آسام سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی پیدائش 18 نومبر 1954 کوہوئی۔ انہوں نے 1978 میں وکالت شروع کی اور28 فروری 2001 کوگوہاٹی ہائی کورٹ کے جج بنائے گئے۔ اس کے 9 سال بعد 9 ستمبر 2010 کو ان کا ٹرانسفرپنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کے طورپرہوا۔ 12 فروری 2011 کو جسٹس گوگوئی پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے۔ 23 اپریل 2012 کو وہ سپریم کورٹ میں آئے۔ چیف جسٹس بننے کے بعد جسٹس گوگوئی کی مدت ایک سال، ایک ماہ اور 14 دن کی ہوگی۔ وہ 17 نومبر 2019 کو ریٹائرہوں گے۔ سپریم کورٹ کو لے کر اٹھائی تھی آواز:جسٹس رنجن گوگوئی سپریم کورٹ کے ان چارججوں میں شامل رہے ہیں، جنہوں نے 12 جنوری 2018 کو ایک غیرمتوقع پریس کانفرنس کی تھی۔ اس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے کام کرنے کے طریقہ کاراورعدلیہ کی آزادی پرسوال اٹھائے گئے تھے۔ 12 جنوری کو جسٹس چلمیشورکی قیادت میں جسٹس رنجن گوگوئی ، جسٹس ایم بی لوکوراورجسٹس کورین جوزیف نے پریس کانفرنس کے ذریعہ غصہ اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

Leave a comment