ریاست میں مئی میں 10 ؍ہزار886 بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا گیا: نواب ملک

ممبئی: ملک وریاست میں کورونا بحران کی وجہ سے بے روزگاری کی سنگین صورت حال کے باوجود ریاستی حکومت کے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے روزگار فراہم کرنے کے اپنے مختلف پروگرامس کے ذریعے ماہ مئی میں 10؍ہزار886 بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع محکمہ کے وزیر جناب نواب ملک نے دی ہے۔

نواب ملک نے بتایاکہ ریاست میں ملازمت کے متلاشیوں اور مختلف کمپنیوں وکارپوریٹ اداروں کے مابین رابطہ قائم کرکے یہ روزگار فراہم کیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال ایسے ہی مختلف پروگراموں کے ذریعے ریاست میں 1؍لاکھ 99ہزار486امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے میں کامیابی ملی تھی۔ جبکہ اس سال جنوری سے مئی کے اخیر تک63ہزار55لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں روزگار کے متلاشیوں اور روزگار دینے والے اداروں کے درمیان رابطہ کے لیے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نےhttps://rojgar.mahaswayam.gov.inویب پورٹل شروع کیا ہے۔ اس ویب پورٹل پر بیروزگار امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت، اپنی صلاحیت وتجربے کا اندراج کرتے ہیں۔ اپنی ضرورت کے مطابق امیدواروں کے متلاشی ادارے وکمپنیاں بھی اسی ویب پورٹل پر اپنی ضروریات کا اندارج کرتے ہیں جس کے ذریعے روزگار کے متلاشیوں اور روزگار فراہم کرنے والوں کے درمیان ایک رابطہ قائم ہوجاتا ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعے اضلاع میں وقتاً فوقتاً آن لائن روزگار میلہ کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔مہاسویم ویب پورٹل پر اب تک 89ہزار،938 سرکاری اور نجی کاروباری افراد نے محکمہ کے ساتھ اندراج کیا ہے۔ یہ تاجر مہاسویام ویب پورٹل کے ساتھ ساتھ محکمہ کے آن لائن میلوں جیسی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی ضرورت کے مطابق خالی آسامیوں کو پُر کرتے ہیں۔ اس سے ملازمت کے متلاشی افراد کو محکمہ ہنر ترقی کے اقدامات کے ذریعے ملازمت حاصل کرنے کا ایک اچھا پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔

نواب ملک نے بتایا کہ ماہ مئی میں 21 ہزار710 ملازمت کے خواہشمند امیدواروں نے اندراج کیا۔ان میں ممبئی ڈویژن سے 5ہزار430، ناسک ڈویژن سے4ہزار957، پونے ڈویژن سے 5ہزار508، اورنگ آباد ڈویژن سے 3 ہزار148، امراؤتی ڈویژن سے 1؍ہزار253 اور ناگپور ڈویژن سے1؍ہزار411 امیدواروں نے اندراج کیا۔مئی میں محکمہ اسکل ڈولپمنٹ کے مختلف اقدامات کے ذریعے 10؍ ہزار886 امیدواروں کو ملازمت فراہم کیا۔ سب سے زیادہ ممبئی ڈویژن سے 3ہزار616، ناسک ڈویژن سے2ہزار794، پونے ڈویژن سے3ہزار449، اورنگ آباد ڈویژن سے 881، امراوتی ڈویژن سے106 ؍اور ناگپور ڈویژن سے 40 بیروزگار امیدواروں کو روزگار فراہم ہوا۔