ممبئی: کورونا بحران کی وجہ سے ریاست میں ملک بھر میں بیروزگاری کا سنگین مسئلہ پیدا ہوگیا ہے جس سے مہاراشٹر بھی علاحدہ نہیں ہے۔ لیکن ریاست کا محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ وروزگار بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے جس کے تحت ہرماہ کئی ہزار لوگوں کو روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔

روزگار فراہمی کی اس کوشش کے تحت محکمہ نے مارچ 2021 میں 10ہزار111امیدواروں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ وروزگار کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ مہاسویم پورٹل، آن لائن روزگار میلوں ودیگر پروگراموں کے ذریعے ریاست میں ملازمت کے خواہشمند امیدواروں وملازمین کی متلاشی کمپنیوں، کارپوریٹ اداروں کے درمیان رابطہ قائم کرکے روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔

ایسے مختلف پروگراموں کے ذریعے گزشتہ سال 2020 میں ریاست میں 1 لاکھ 19 ہزار 486 امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی تھی جبکہ رواں سال جنوری سے مارچ اخیر تک 43 ہزار190بیروزگاروں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر کے مطابق مارچ 2021میں محکمہ کے پاس 42ہزار47 روزگار کے متلاشی امیدواروں نے رجسٹریشن وری رجسٹریشن کرایا۔ ان میں ممبئی ڈیویژن کے13ہزار041، ناسک ڈیویژن کے 4ہزار566، پونے ڈیویژن کے 10ہزار243، ارونگ آباد ڈیویژن کے7ہزار894، امراؤتی ڈیویژن کے 1ہزار179 جبکہ ناگپور ڈیویژن کے 5ہزار124روزگار کے متلاشی شامل ہیں۔ مارچ میں محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے مختلف پروگرامس کے ذریعے جن 10ہزار111امیدواروں کو ملازمت ملی، ان میں ممبئی ڈیویژن کے کے سب سے زیادہ 6ہزار889امیدوار، ناسک ڈیویژن کے 1ہزار020، پونے ڈیویژن کے 1ہزار68، اورنگ آباد ڈیویژن کے 362، امراؤتی ڈیویژن کے 80 جبکہ ناگپور ڈیویژن کے 78رزگار کے متلاشی امیدوار برسرِ روزگار ہوئے۔