NCP Urdu News 7 August 21

عبادت گاہوں کو کھولنے کے لیے حکومت ٹاسک فورس سے بات کررہی ہے: نواب ملک

بی جے پی خود وزیراعظم کی اپیل کو بھی نہیں مانتی

ممبئی: ریاست میں عبادت گاہوں کو کھولنے کے لیے بی جے پی کی جانب سے کیے جارہے احتجاج پراین سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ریاستی حکومت کی نہ سہی کم ازکم مرکزی حکومت کی اپیل کو تو مانے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی خود اپنے وزیراعظم کی باتوں کو بھی نہیں مانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے پیشِ نظر مرکزی حکومت اور آئی سی ایم آر بار بار یہ اپیلیں کررہی ہیں کہ تہواروں کے موقع پر اس بات کا لحاظ کیا جائے کہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو، اس سے کورونا کے بڑھنے کا خطرہ ہوسکتا ہے، لیکن بی جے پی عبادت گاہوں کو کھولنے کے لیے احتجاج کررہی ہے جو اس کی دوغلی پالیسی کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مرکزی حکومت و آئی سی ایم آر اپیل کررہی ہے اس سے احتیاط کوفوقیت دینی چاہئے۔ گوکہ کورونا کی وبا قابو میں آرہی ہے لیکن اگر بداحتیاطی کی گئی تو صورت حال کے بگڑنے میں دیر نہیں لگے گی۔ ریاستی حکومت نے اس ضمن میں تشکیل دیے گئے ٹاسک فورس سے عبادت گاہوں کو کھولنے کے لیے صلاح ومشورہ کررہی ہے اور یقینی طور حکومت بہت جلد کوئی بہتر فیصلہ کرے گی۔ لیکن بی جے پی کی جانب سے عبادت گاہوں کو کھولنے کے نام پر احتجاج اس کی گھٹیا سیاست کو ظاہر کرتی ہے۔ بی جے پی کے لیڈران مرکزی حکومت کی اپیل کو نظر انداز کررہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے وزیراعظم کی بھی بات کونہیں مانتی۔