• 425
    Shares

نرائن رانے اپنی تشہیر کی حرص کو نہیں چھپاسکے: کلائیڈ کراسٹو

بی جے پی کے ’جن آشیرواد یاترا‘پر این سی پی کی سخت تنقید

ممبئی: بی جے پی کے نرائن رانے کو یہ معلوم ہوناچاہئے تھا کہ کوویڈ بحران کے دوران بھیڑ یکجاکرنے سے لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ ہوسکتا ہے۔ وہ امیت شاہ یا جے پی نڈا کو اس سے آگاہ کرسکتے تھے، لیکن تشہیر کی اپنی حرص کو وہ نہیں چھپاسکے۔ اس کے لیے انہوں نے کورونا وبا کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے لوگوں کی صحت کا مسئلہ پیدا کردیا ہے۔یہ سخت تنقید آج یہاں این سی پی کے ریاستی ترجمان کلائیڈکراسٹو نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی ہیں۔واضح رہے کہ بی جے پی کی جن آشیرواد یاترا کی قلعی کھولنے کے لیے این سی پی کی جانب سے گزشتہ کل سے ریاست گیر سطح پر پریس کانفرنس کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، کلائیڈ کراسٹو اسی مناسب سے وسئی میں طلب کی گئی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور لوگوں کی توجہ مرکزی حکومت کی ناکامیوں سے ہٹانے کے لیے بی جے پی جن آشیرواد یاترا کا یہ کھیل شروع کیا ہے، لیکن ریاست کی عوام بی جے پی کی ان چالوں کو اچھی طرح سمجھ رہی ہے۔کلائیڈنے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور کوکنگ گیس کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ملک میں مہنگائی کا باعث بنا ہے۔ مودی حکومت کو سات سال گزر چکے ہیں اورجوکام مودی حکومت نے اپنے پورے دورِ حکومت میں نہیں کیا، اس کو کرنے کا سہرا مودی حکومت کے سرباندھنے کے لیے بی جے پی کی یہ ایک کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے کوویڈ کے پھیلنے پر قابو پالیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سب سے زیادہ احتیاط برتی جائے، لیکن بی جے پی لیڈران اپنی تشہیری حرص اور سیاست کے لیے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگائے ہوئے ہیں۔

کلائیڈنے بی جے پی لیڈر نرائن رانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سینئر لیڈر ہیں، وہ شیوسینا وکانگریس کی حکومتوں میں اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔اب وہ بی جے پی میں ہیں، مگر کوویڈ کی روک تھام کی احتیاطی تدابیر کو بالائے طاق رکھ کر وہ بھیڑ جمع کررہے ہیں اور لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر بی جے پی کی بداحتیاطیوں کی وجہ سے آئی تھی۔ پہلی لہر کے بعد آئی سی ایم آر، ڈبلیو ایچ او وٹاسک فورس کی جانب سے مسلسل ہدایتیں دی جارہی تھیں کہ سوشل ڈیسٹنسنگ برتی جائے، ماسک لگایا جائے لیکن بی جے پی کے لیڈران اس دوران انتخابی ریلیوں میں مصروف رہے اور کورونا کی دوسری لہر کے پھیلا ؤ کا باعث بنے تھے۔ اب بھی یہی کیا جارہا ہے کہ جب تیسری لہر کچھ حدتک قابومیں آتی نظر آرہی ہے، ریاست میں بی جے پی کے لیڈران جن آشیروادیاترا نکال کرلوگوں کو مشکلوں میں ڈال رہے ہیں۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔