ممبئی: ریاستی حکومت نے محکمہ اوقاف کے لیے مستقل سی ای او کی تقرری کا اعلان کیا ہے، جس کا حکم نامہ (جی آر) آج ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ اوقاف کے لیے مستقل سی ای او کی تقرری سے سماجی وملی تنظیموں کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے جو وہ گزشتہ کئی سالوں سے کررہی تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ تقریباً۶ سالوں سے محکمہ کے لیے کوئی مستقل سی ای او نہیں تھا، جس کے لیے وقف بورڈ کے بہت سے اہم مسائل کے حل کی راہ میں دشواری پیش آتی تھی۔

محکمہ اقلیتی امور واوقاف کے وزیر نواب ملک کے مطابق کئی سالوں سے لوگوں کا مطالبہ تھا کہ وقف بورڈ کے لیے مستقل سی ای او کا تقرر کیا جائے تاکہ وقف سے متعلق دیگر امور انجام دیے جاسکیں۔ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مستقل سی ای او کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔ نواب ملک نے بتایا کہ ریاست کے دیگر محکموں وشعبوں کے لیے مستقل سی ای او کا نظام ہے مگر وقف بورڈ گزشتہ تقریباً ۶ سالوں سے

مستقل سی ای او سے محروم تھا۔ سابقہ حکومت کواس اہم معاملے سے کوئی دلچسپی ہی نہیں تھی کہ وہ اس پر توجہ دے۔ مگر جب یہ مطالبہ ہمارے سامنے آیا تو ہم نے اس حکومتی سطح پر غور وخوض کرنے کے بعد وقف بورڈ کے لیے مستقل سی ای او کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے، جس کا جی آر آج محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔ نواب ملک کے مطابق محکمہ وقف بورڈ ایک فعال وسرگرم محکمہ ہے جہاں کے روز مرہ کے کام کاج کے لیے ایک مستقل سی ای او کی سخت ضرورت تھی۔

GazetteSearch.pdf