بی جے پی چاہے جتنے دعوے کرلے، مہاوکاس اگھاڑی کے چاروں امیدوار کامیاب ہونگے: جینت پاٹل

این سی پی کی یومِ تاسیس کا انعقاد اور پرچم کشائی

ممبئی: بی جے پی چاہے جتنے دعوے کرلے مہاوکاس اگھاڑی کے چاروں ہی امیدوار کامیاب ہونگے ۔ اس یقین کا اظہار آج یہاں این سی پی کے ریاستی صدراور آبی وسائل کے وزیر جینت پاٹل نے کیا ہے۔ وہ پارٹی کی یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ پروگرام کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کے لئے آج ووٹنگ ہورہی ہے، ہم تینوں پارٹیوں نے ایک ساتھ مل کر ووٹنگ کررہے ہیں ۔ ہمارے درمیان ناراضگی کی جو باتیں کہی جارہی ہیں وہ سراسربے بنیاد ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ہے ، ہمارے تمام ممبرانِ اسمبلی متحد ہیں اور سب مل کر مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کو ووٹ کررہے ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی کے چاروں امیدوار کامیاب ہونگے۔

اس سے قبل پارٹی کے تاسیسی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ ہم سب اس حقیقت سے واقف ہیں کہ آپ کی پارٹی آپ کی محنتوں، کوششوں اور ثابت قدمی کی وجہ سے یہاں تک پہنچی ہے۔ ہم این سی پی کو مہاراشٹر کی سب سے بڑی پارٹی بنانا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے ہم تمام کارکنوں کو متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔جینت پاٹل نے کارکنوں کی طرف سے پارٹی کو دی گئی حمایت کے لیے سب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری پارٹی ۲۳سال کی ہوچکی ہے ، اس پارٹی میں مہاراشٹر کی نئی نسل کو مستقبل کی امید نظر آتی ہے۔ بہت سے نوجوان پارٹی کے لیے کام کرنے کو تیار ہیں۔پارٹی سربراہ محترم شردپوار کی قیادت میں پارٹی کام کر رہی ہے، یہی پارٹی کی ترقی کی واحد وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 سال قبل جب پارٹی قائم ہوئی تھی تو ریاست میں اپنے بل بوتے پر اقتدار میں آنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ۔ جینت پاٹل نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ این سی پی ریاست کے تمام طبقات کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب پارٹی قائم ہوئی تھی تو سب سے پہلے مجھےریاستی صدر ر بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ ریاست میں پارٹی سے وابستگی کے بغیر، این سی پی کانگریس کے بعد دوسری سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ اس کے بعد سےمحترم شرد پوار کی قیادت میں ہم ریاست کے غریبوں، محروم اور پچھڑے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔اس پروگرام سے ریاستی وزیر چھگن بھجبل اورایکناتھ کھڑے سے نے بھی خطاب کیا۔

اس تاسیسی پروگرام میں ایم پی سپریا تائی سولے، ایم ایل اے شیکھر نکم، خزانچی ہیمنت ٹکلے، ریاستی جنرل سکریٹری شیواجی راؤ گرجے، سابق ایم پی مجید میمن، ممبئی ڈویژنل ورکنگ صدر راکھی جادھو، نریندر رانے، ریاستی نائب صدر پرمود ہندو رانے،این سی پی یوتھ کے ریاستی صدر محبوب شیخ، اسٹوڈنٹ ونگ کے ریاستی صدر سنیل گوہانے۔ ، اقلیتی سیل کے ریاستی صدر محمد خان پٹھان، لیگل سیل کے ریاستی صدر آشیش دیشمکھ، لائبریری سیل کے ریاستی صدر امیش پاٹل، سیوا دل کے ورکنگ صدر جانبا مہسکے، ریاستی جنرل سکریٹری اویناش آدک، سابق ایم ایل اے پرکاش گجبھیے، سابق ایم ایل اے سنجے دونڈ، آئی ٹی سیل کے سربراہ نیرج مہانکال، خواتین کی ریاستی جنرل سکریٹری بھاونا گھانیکر، ممبئی ڈویژنل خواتین کی صدر سریکھا پیڈنیکر، ممبئی ڈویژنل یوتھ صدر نیلیش بھوسلے، ممبئی ڈویژنل اقلیتی سیل کے صدر سہیل صوبیدار کے علاوہ پارٹی کے دیگر عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔