ریاست میں اپریل میں 8 ہزار 259 بے روزگاروں کو روزگار: نواب ملک

ممبئی: ایسی صورت میں جبکہ کرونا بحران نے سنگین بے روزگاری پیدا کردی ہے، ریاستی حکومت کے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ روزگار فراہم کرنے کے اپنے مختلف پروگرامس کے ذریعے اپریل 2021 میں 8 ہزار259 بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع محکمہ کے وزیر جناب نواب ملک نے دی ہے۔

نواب ملک نے بتایاکہ ریاست میں ملازمت کے متلاشیوں اور مختلف کمپنیوں وکارپوریٹ اداروں کے مابین رابطہ قائم کرکے یہ روزگار فراہم کیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال ایسے ہی مختلف پروگراموں کے ذریعے ریاست میں 1لاکھ 99ہزار486امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے میں کامیابی ملی تھی۔ جبکہ اس سال جنوری سے اپریل کے اخیر تک52ہزار169لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں روزگار کے متلاشیوں اور روزگار دینے والے اداروں کے درمیان رابطہ کے لیے محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ نے https://rojgar.mahaswayam.gov.inویب پورٹل شروع کیا ہے۔ اس ویب پورٹل پر بیروزگار امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت، اپنی صلاحیت وتجربے کا اندراج کرتے ہیں۔ اپنی ضرورت کے مطابق امیدواروں کے متلاشی ادارے وکمپنیاں بھی اسی ویب پورٹل پر اپنی ضروریات کا اندارج کرتے ہیں جس کے ذریعے روزگار کے متلاشیوں اور روزگار فراہم کرنے والوں کے درمیان ایک رابطہ قائم ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعے اضلاع میں وقتاً فوقتاً آن لائن روزگار میلہ کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

مہاسویم ویب پورٹل پر اب تک 89ہزار،668 سرکاری اور نجی کاروباری افراد نے محکمہ کے ساتھ اندراج کیا ہے۔ یہ تاجر وقتا فوقتا مہاسویام ویب پورٹل کے ساتھ ساتھ محکمہ کے آن لائن میلوں جیسی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی ضرورت کے مطابق خالی آسامیوں کو پُر کرتے ہیں۔ اس سے ملازمت کے متلاشی افراد کو محکمہ ہنر ترقی کے اقدامات کے ذریعے ملازمت حاصل کرنے کا ایک اچھا پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔

نواب ملک نے بتایا کہ اپریل 2021 کے مہینے میں 19 ہزار 55 ملازمت کے خواہشمند امیدواروں نے اندراج کیا۔ان میں ممبئی ڈویژن سے 5ہزار809، ناسک ڈویژن سے 2ہزار757، پونے ڈویژن سے 4ہزار997، اورنگ آباد ڈویژن سے 3 ہزار370، امراؤتی ڈویژن سے 1ہزار144 اور ناگپور ڈویژن سے 978 امیدواروں نے اندراج کیا۔اپریل میں محکمہ اسکل ڈولپمنٹ کے مختلف اقدامات کے ذریعے 8 ہزار 259 امیدواروں کو ملازمت فراہم کیا۔ سب سے زیادہ ممبئی ڈویژن سے 3ہزار995، ناسک ڈویژن سے 1ہزار 302، پونے ڈویژن سے 1ہزار757، اورنگ آباد ڈویژن سے 869، امراوتی ڈویژن سے 314 اور ناگپور ڈویژن سے 22 بیروزگار امیدواروں کو روزگار فراہم ہوا۔