ملک کے سرکردہ سیاسی لیڈران وصحافیوں کے فون ہیک کرکے ان کی جاسوسی کئے جانے کے معاملے پر مرکز کی مودی حکومت کے خلاف ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے کی قیادت میں آج راج بھون کے سامنے زبردست احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے بعد سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی اس معاملے کی باریک بینی سے جانچ کے لئے ایک خصوصی ٹیم کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے گورنر کو ایک میمورنڈم سونپا گیا۔ اس احتجاج میں ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے، وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوہان، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، ریاستی کارگزار صدر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے،وزیرتوانائی نتن راؤت، ماہی گیری کے وزیر اسلم شیخ، مویشی پالن کے ویزر سنیل کیدار، ایم ایل اے امین پٹیل، ایم ایل اے ذیشان صدیقی وکانگریس کے دیگر سینئر لیڈران وکارکنان موجود تھے۔