ناندیڑ کے سا بق کارپوریٹر انور جاوید کا انتقال

ناندیڑ:4ستمبر(راست)یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جارہی ہے کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے سابق کارپوریٹرجناب انور جاویدکابعمر52سال آج ۴ستمبر بروز منگل رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ڈاکٹر کابدے ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ دو دن قبل انہیں دل کا شدید دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں کابدے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ دورانِ علاج آج اُن کی روح قفسِ عنصری سے پرواز کرگئی۔ اُن کی نمازِ جنازہ آج بروزِ بدھ ۵ستمبر کو صبح گیارہ بجے بڑی درگاہ احاطہ گاڑی پورہ ناندیڑ میں ادا کی جائے گی اور تدفین متصل قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ پسماندگان میں اُن کی اہلیہ کے علاوہ دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں۔ مرحوم انور جاوید نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کانگریس پارٹی سے کیا تھا۔ ابتداءمیں وہ یوتھ کانگریس سے وابستہ رہے۔ کانگریس کے ٹکٹ پر 1997ءمیں اُن کی اہلیہ کارپوریٹر منتخب ہوئی تھی۔ اُس کے بعد 2002ءکے عام چناﺅ میں انور جاوید خود کارپوریٹر منتخب ہوئے تھے۔2003میں سنجے گاندھی نرادھار یوجنا کمیٹی کے وہ چیئر مین بھی بنائے گئے تھے۔ 2009ءمیں کانگریس پارٹی کے شعبہ اقلیت کا ناندیڑ شہر صدر انہیں بنایا گیا تھا۔ عرصہ تک وہ کانگریس سے ہی وابستہ تھے مگر 2012ءکے عام چناﺅ میں کانگریس کا ٹکٹ نہ ملنے سے وہ ناراض ہوکر کانگریس کو خیر آباد کرکے کچھ عرصہ خاموشی اختیار کیے اور پھراین سی پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ بعد ازاں2014ءمیں ناندیڑ جنوب اسمبلی حلقہ سے انہوں نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر اسمبلی کا چناﺅ بھی لڑا تھا اور پھر 2015ءمیں مجلس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کچھ عرصہ تک وہ ایم آئی ایم کے ناندیڑ شہر صدر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ دوبارہ 2016ءمیں انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ پچھلے سال رمضان سے قبل اُن کے دماغ کی ایک رگ میں خرابی آنے کے سبب اُن کا آپریشن بھی کیا گیا تھا۔ سابق میں دل کے مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ممبئی میں اُن کا دو بار آپریشن بھی کیا گیا تھا۔ ناندیڑ شہر کی سیاست میں عرصہ تک وہ سرگرم تھے۔ اُن کے انتقال سے ناندیڑ کے سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

Leave a comment