آل انڈیا کانگریس کی جانب سے شروع کیا جانے والی سوشل میڈیا واریرس مہم کے تح آج یہاں ممبئی میں اس کی زوردار شروعات ہوئی۔

ممبئی کانگریس کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ممبئی میں اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر پورے ملک میں پہلے مرحلے میں ۵لاکھ ممبرس (سوشل میڈیا واریرس)

بنائے جائیں گے۔ اس موقع پر بھائی جگتاپ نے کہا کہ سوشل میڈیا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ ایک ایسا فورم ہے کہ جہاں روزآنہ احتجاج ہوتے ہیں، تحریکیں چلتی ہیں، بحث ومباحثے ہوتے ہیں اور لوگ اپنا موقف اور اپنے ردعمل کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ آج کے دور میں سوشل میڈیا زندگی کا اٹوٹ حصہ بن گیا ہے۔ وقت کی اس اہم ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے

کانگریس کی جانب سے سوشل میڈیا مہم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں پورے ملک میں ۵لاکھ ممبرس بنائے جائیں گے۔

بھائی جگتاپ نے کہا کہ عوام میں یہ افواہ پھیلائی جاتی ہے کہ کانگریس سوشل میڈیا پر نہیں ہے جو انتہائی غلط ہے۔ سچائی یہ ہے کہ کورونا بحران کے دوران سوشل میڈیا پر سب سے سرگرم کانگریس ہی رہی ہے۔ اس سوشل میڈیا مہم کے ذریعے کانگریس مزید وسیع پیمانے پر سوشل میڈیا پر سرگرم ہوگی۔ سوشل میڈیا مہم کے ذریعے ایک ماہ میں کانگریس

پورے ملک میں ۵لاکھ ممبربنائے گی جس میں 50ہزار ممبران کو مختلف عہدے دے کر خصوصی واہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ پورے ملک میں سوشل میڈیا مہم چلانے کا تصور ہمارے لیڈر راہل گاندھی کا ہے جس کے لیے انہوں نے پہل کی ہے۔اس موقع پر آل انڈیا سوشل میڈیا نیشنل کوآرڈینیٹر گورہ پاندھی نے کہا کہ سوشل میڈیا مہم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ممبران بنانا ہمارا ہدف ہے۔ پہلے مرحلے میں ۵ لاکھ ممبران بنائے جائیں گے۔ یہ مہم ہم نے دہلی میں دو روز قبل ہی شروع کی ہے اور آج ممبئی میں شروع کررہے ہیں جبکہ بہت جلد دیگر شہروں میں بھی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے اس مہم کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا مہم کے تحت ممبر بننے کے لیے 1800120000044 پرمسڈ کال کرسکتے ہیں،7574000525پر واٹس اپ کرسکتے ہیں یا پھر smwپر جاکر اپنا اندراج کراسکتے ہیں۔