• 425
    Shares

28دسمبر کو شیواجی پارک میں سونیاگاندھی وراہل گاندھی کا جلسہ عام

ممبئی میونسپل کارپوریشن الیکشن کی حکمت عملی طئے کرنے کی میٹنگ کا انعقاد

ممبئی: کانگریس پارٹی نے ممبئی میونسپل کارپوریشن الیکشن کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پارٹی کی یومِ تاسیس کے موقع پر کانگریس صدرسونیاگاندھی اورراہل گاندھی کی موجودگی میں 28دسمبر کو شیواجی پارک میں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے انچارج ایچ کے پاٹل نے دی ہے۔تلک بھون میں ممبئی کانگریس سکروٹنی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد وہ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کی حکمتِ عملی طئے کرنے کے لئے آج میٹنگ منعقد کی گئی تھی، جس میں انتخابی منشور سمیت مختلف پروگراموں کے انعقاد پر غور وخوض کیا گیا۔ کارپوریشن انتخاب میں کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کی ضمن میں ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔مقامی سطح کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد مقامی لیڈران اس ضمن میں فیصلہ کریں گے۔ کارپوریشن انتخابات کے لیے جلد ہی دوسری میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاٹل نے کہا کہ طوفانی بارش وسیلاب کی وجہ سے مہاراشٹر کو شدید نقصان پہونچا ہے لیکن مرکزی حکومت اس قدرتی آفت سے لوگوں کو راحت پہنچانے نہ کوئی اقدام کیا ہے اور نہ ہی ابھی تک کوئی مدد کی ہے۔ این ڈی آر ایف جو اس طرح کے قدرتی آفات کے موقع پر مدد کے لیے بنایا گیا ہے، اس سے بھی مہاراشٹر کو کوئی مدد نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر پر اس قدر سنگین آفت کے باوجود وزیراعظم و وزیرداخلہ نے معائنہ تک نہیں کیا۔ پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹر پر آئی اس مصیبت کے دور میں کانگریس پارٹی نے زبردست امدادی کام کیا۔ کانگریس کی روایت رہی ہے کہ اس طرح کے حالات میں وہ فوری طور پرامدادی کاموں میں جٹ جاتی ہے اور اس روایت کو کانگریس پارٹی نے بخوبی نبھایا ہے۔ ممبئی کانگریس کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امدادی کاموں کا نوٹس آل انڈیا کانگریس نے بھی لیا ہے۔

آج کی میٹنگ میں ایچ کے پاٹل کے ساتھ کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے، وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، وزیرتعمیرات اشوک چوہان، ماہی گیری کے وزیر اسلم شیخ، وزیرتعلیم ورشاگائیکواڑ، ممبئی کانگریس کے صدر ایم ایل اے بھائی جگتاپ،سابق ممبرپارلیمنٹ سنجے نروپم، ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، ریاستی کانگریس کے نائب صدر موہن جوشی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری آشیش دووا، بی ایم سندیپ، وامسی ریڈی، سونل پٹیل، سمپت کمار اور ریاستی ترجمان اتل لونڈھے موجود تھے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔