کورونا پر قابو پانے کے لیے عوام حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں: ناناپٹولے

مرکزی حکومت ٹیکہ کاری کی عمر کی حد کو کم کرتے ہوئے 18 سال سے زائد عمر کے ہرایک شخص کو ٹیکہ لگائے

ممبئی ،۔ 4 اپریل ، 2021

ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ چونکہ مریضوں کی اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ، اس لئے ریاستی حکومت نے آج کابینہ کے اجلاس میں مکمل لاک ڈاؤن کے بغیر کچھ پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا عوامی جذبات وضروریات کا لحاظ کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے اور شہریوں کو بھی انتظامیہ کے طے شدہ قواعد کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے عوام سے مذکورہ بالا اپیل کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکہ کاری کی عمر کی حد میں کمی کرتے ہوئے 18 سال کی عمر سے زائد تمام لوگوں کو ٹیکہ لگانے کا فیصلہ کرے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور کورونا کی وجہ سے اموات کی تعداد تشویشناک ہے۔ گذشتہ ایک سال سے ریاستی حکومت پوری طاقت کے ساتھ کورونا بحران سے لڑ رہی ہے۔ اس لڑائی میں مرکزی حکومت نے ریاست کی نہ صرف یہ کہ کوئی مدد نہیں کی بلکہ ریاست کے حق کے جی ایس ٹی کی واپسی بھی وقت پر ادا نہیں کی۔ ریاستی حکومت مرکز کی مدد کے بغیر کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جس کے اچھے نتائج بھی سامنے آنے لگے تھے۔کورونا سے متاثرین اور اموات پر کافی حد تک قابو پالیا گیا تھا جس کی وجہ سے حکومت نے مشن بیگننگ کے تحت بہت سی پابندیاں ےٹا دی تھیں اور عوامی زندگی بحال ہوگئی تھی۔ لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوجانے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جانے لگا تھا۔ لیکن اگر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا جاتا تو غریبوں ، چھوٹے تاجروں ، مزدوروں اور محنت طبقے کے لئے بہت بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا۔ لہذا اس عوامی مطالبے پر غور کرتے ہوئے کہ مکمل لاک ڈاؤن لگائے بغیر کچھ پابندیاں عائد کی جائیں ، حکومت نے ایک ہفتہ کے لئے پابندیاں عائد کرنے اور اختتامی ہفتہ پر لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد کو روکنے کے لئے حکومت مناسب اقدامات کررہی ہے۔ ویکسینیشن بھی تیزی سے شروع ہوگئی ہے۔ نانا پٹولے نے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ مرکزی حکومت کورونا ویکسینیشن کے لئے عمر کی حد میں نرمی کرے اور 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو ویکسین کی وافر فراہمی فراہم کرے۔ ریاست کے عوام انتظامیہ کے طے شدہ قواعد پر سختی سے عمل کریں۔ اسی کےساتھ ماسک ، سینیٹائزر استعمال کریں اور معاشرتی فاصلے کے قواعد پر عمل کریں۔