ریاستی کانگریس کی دوروزہ ’نوسنکلپ ورکشاپ‘ آج سے شرڈی میں ریاست کے سیاسی اور سماجی مسائل پر دو روزہ غوروفکر
ممبئی/ شرڈی:مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام دو روزہ نوسنکلپ ورکشاپ آج سے شرڈی میں شروع ہو رہا ہے۔ یکم و۲جون کو ہورہے اس ورکشاپ میں اودئے پور کے نوسنکلپ تربیتی کیمپ منظور کی گئی قرارداد پر عمل درآمد کے لئے روڈمیپ تیار کیا جائے گا ۔ یہ اطلاع آج یہاں کانگریس لیجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر اور وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے دی ہے۔
اس ضمن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بالاصاحب تھورات نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا دو روزہ نوسنکلپ کیمپ اودئے پور میں منعقد ہوا جس میں منظورکی گئی قرارداد پر ہرریاست میں عمل کیا جائے گا۔ اس کے لیےسیاست، تنظیم، اقتصادیات، زراعت، کسان وامداد باہمی، سماجی انصاف اور نوجوانوں و خواتین کو بااختیار بنانے کے فوائد اور نقصانات پر غوروفکر کے لیے ۶ گروپ بنائے گئے ہیں۔یہ ۶ گروپ قرارداد پر عمل درآمد کے لیے روڈ میپ تیار کریں گے اور شرکا کو اس پراپنے خیالات ظاہر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ جبکہ اگلے ان ۶ گروپ کے تیار کردہ رپورٹ پیش کیے جائیں گے۔ادے پور میں نوسنکلپ کیمپ کے منظور کی گئی تمام قراردادوں کو ریاست میں کانگریس کے آخری کارکن تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس ورکشاپ میں ریاست میں کانگریس پارٹی کے انچارج ایچ کے پاٹل، ریاستی صدر ناناپٹولے، وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوہان، کابینہ کے تمام کانگریسی وزر، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ومعاون انچارج،ممبرانِ اسمبلی، ممبرانِ پارلیمنٹ، ضلعی صدور وپارٹی کے دیگر عہدیداران موجود رہیں گے۔