ریاست کے کسان خوشحال ہوں اوران کی زندگی میں خوشیاں آئیں نئے سال کے موقع پر ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے کا پیغام

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے نئے سال کے موقع پر عام لوگوں کے ساتھ کسانوں کی زندگیوں میں خوشحالی اور خوشی کی خواہش کی ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال2021ملک کے کسانوں کے لئے بہت مشکلات ودکھ بھرا رہا۔ حالانکہ کسانوں کے مسلسل احتجاج کے بعد مرکزی حکومت کو کالے زرعی قوانین کو واپس لینا پڑا، لیکن اس کے لیے کسانوں کو کافی جدوجہد اور قربانیاں دینی پڑیں۔ اس جدوجہد میں 700 کسانوں کو اپنی جانیں گنوانی پڑیں۔ کبھی ضرورت سے زیادہ بارش تو کبھی بے وقت بارش نے کسانوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ لیکن میں دعاکرتا ہوں کہ نئے سال میں سب کچھ ٹھیک ہو۔

پٹولے نے مزید کہا کہ پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور خوردنی تیل کی آسمان چھوتی قیمتوں نے کسانوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ ایک طرف کسانوں کو ان کی پیداوار کی صحیح قیمت نہیں مل رہی تو دوسری طرف عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ میں اس بات کی خواہش کرتاہوں کہ نئے سال میں مہنگائی میں کمی آئے اور عام لوگوں کو راحت ملے۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے نئے سال میں نوجوانوں کے سامنے روزگار کا جو شدید بحران پیدا ہوگیا ہے اس پر قابو پالیا جائے گا اور روزگار کے نئے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ہم کورونا کے بحران پر کافی حد تک قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں،تاہم نیا وائرس اومیکرون دوبارہ نمودار ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے کورونا کے حوالے سے وضع کردہ قوانین وہدایات پر سختی سے عمل کریں، تاکہ اس بحران سے نمٹا جا سکے۔ پٹولے نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر میری خواہش ہے کہ ہر کوئی خوش، مطمئن، خوشحال اور صحت مند ہو۔

Leave a comment