اورنگ آباد میں کانگریس کا میئر بنانے کے لیے کام شروع کردیں: بالاصاحب تھورات اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے تمام 115نشستوں پر مقابلے کی تیاری کیجئے

0 1

اورنگ آباد: اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس پارٹی پوری طاقت کے ساتھ اتررہی ہے۔ پارٹی کے عہدیداران وکارکنان کو تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کرزوردار طریقے سے کام میں جٹ جائیں۔ پارٹی مفاد ہی سب سے اہم ہے۔ کسی بھی طرح کی گروپ بازی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اورنگ آباد میں کانگریس کا میئر بنانے کے لیے تمام لوگ متحد ہوکر کام شروع کردیں۔

پارٹی ہرطرح کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہی ہیں۔ وہ اورنگ آباد میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آئے ہوئے تھے۔ اس موقع پر تھورات نے اورنگ آباد شہر کے اہم لیڈران و عہدیداران براہ راست بات چیت کی اور فی الوقت کی سیاسی صورت حال نیزانتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام لیڈران کو ایک ساتھ بٹھاکر انہیں ہدایات دیں۔

اس موقع منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تھورات نے کہا کہ امیت دیشمکھ جیسے ہونہار و ماہر شخص کو اورنگ آباد کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہر وارڈ میں کانگریس کی طاقت میں اضافہ کیجیے۔ لوگوں تک پہونچیے۔ کارپوریشن کی تمام 115نشستوں پر مقابلے کے لیے تیار رہیے۔ مہاوکاس اگھاڑی کا پہلا مقصد بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ہے۔ انتخابات میں اتحاد کے بارے میں مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن آپ سے صلاح ومشورہ کے بغیر کچھ نہیں ہوگا۔ اس لیے فی الوقت کارپوریشن کی تمام نشستوں کے لیے زوردار تیاری کیجئے اور اورنگ آباد کو ایک بار پھر کانگریس کا قلعہ بنائیے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کے بارے میں یہ کہا افواہ پھیلائی جارہی ہے کہ کانگریس کمزور ہے جبکہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی طاقت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ ناگپور میں آر ایس ایس وبی جے پی کے 55سالہ قلعے کو کانگریس نے ان سے چھین لیا ہے۔ پونے میں بھی فتح کا پرچم لہرایا۔ سچائی یہ ہے کہ بی جے پی کی اس انتخاب میں ہوا اکھڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی پر لوگوں کا اعتماد ہے اور مہاوکاس اگھاڑی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے لوگ مطمئن ہیں۔ لوگوں تک پہونچیے، کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔