MPCC Urdu News 30 Nov 2020
مہاراشٹر کی سرمایہ کاری کو اترپردیش لے جانے کا منصوبہ: سچن ساونت
اجئے کمار بشٹ کی صنعتکاروں وبالی ووڈ میں خوف پیدا کرنے کی سازش،وزیراعلیٰ کو اس سے ہوشیار رہنا چاہیے
ممبئی: اترپردیش کے وزیراعلیٰ اجئے کمار بشٹ ممبئی آکر مہاراشٹر کے صنعت کاروں وفلم پروڈیوسروں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ ان کا منصوبہ ہے کہ مہاراشٹر کی سرمایہ کاری کو اترپردیش میں لے جائیں۔ اس منصوبے کے تحت صنعتکاروں وفلم پروڈیوسروں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے ومہاوکاس اگھاڑی حکومت کو بی جے پی کی اس سازش سے بروقت آگاہ ہوتے ہوئے ریاست کے صنعتکاروں وبالی ووڈ کو تحفظ فراہم کرنے کی فکر کرنی چاہیے۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعے مہاراشٹر کے صنعتکاروں وبالی ووڈ کو خوفزدہ کیے جانے کی کوشش بے نقاب ہوچکی ہے۔ این سی بی کے ذریعے بالی ووڈ کو بدنام کرنے کی کوشش سوشانت سنگھ راجپوت معاملے کے بعد سے کس طرح کی جارہی ہے؟ یہ بھی ظاہر ہوچکا ہے۔ مودی حکومت کی مدد سے مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی مہم میں اجئے کمار بشٹ کا بھی اہم کردار رہ چکا ہے۔ مہاراشٹر کی صنعتوں کو گجرات لے جانے کی کوشش 2014سے ہی جاری ہے۔ انٹرنیشنل فائننشیل سروس سینٹر(آئی ایف ایس سی) اسی طرح کی سازش کے تحت گجرات لے جایا گیا ہے۔ اب بالی ووڈ کی اہمیت کم کرکے اترپردیش میں دوسرا فلمی صنعت پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔ اجئے کمار بشٹ ممبئی آکر اپنی دھمکیوں کے ذریعے مہاراشٹر کی سرمایہ کاری وبالی ووڈ کو اترپردیش لے جانے کی کوشش کریں گے۔ مہاراشٹر کی سرمایہ کاری کو نقصان پہونچانے کی بے جے پی کی کوشش سے بروقت ہوشیار ہوتے ہوئے وزیراعلیٰ، وزیرداخلہ ومہاوکاس اگھاڑی حکومت کو صنعت کاروں وبالی ووڈ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
سچن ساونت نے کہا ہے کہ اجئے کمار بشٹ کی قیادت میں اترپردیش میں لاء اینڈ آرڈر کا جنازہ نکل چکا ہے۔ اترپردیش ملک کی وہ پہلی ریاست بن چکی ہے جہاں دلتوں، خواتین واقلیتوں پر مظالم کی شرح مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ روزآنہ عصمت دری کی خبریں وہاں سے آرہی ہیں۔ وہاں کسی کے لیے کوئی سماجی تحفظ نہیں ہونے کی وجہ سے اترپردیش اب اتم پردیش نہ رہتے ہوئے جنگل راج میں تبدیل ہوچکا ہے۔ بشٹ کی وجہ سے اترپردیش میں خوف کا ماحول پیدا ہوچکا ہے۔ اب مرکزی حکومت کی مدد سے وہ مہاراشٹر کے ماحول کو بھی پرگندہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مہاراشٹر جیسے ترقی یافتہ ریاستوں کے صنعتکاروں میں ایک سازش کے تحت خوف پیدا کرنے کے بجائے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی ریاست کی صنعتکاروں کے لیے مناسب ماحول تیار کریں۔