اوبی سی ریزرویشن کا مسئلہ حل ہوئے بغیر بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائیں: ناناپٹولے

کانگریس کسی بھی عارضی نظام کی مخالفت کرے گی

ممبئی: سپریم کورٹ کے ذریعے ریزرویشن کی 50 فیصد حد مقرر کئے جانے سے پیدا شدہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے بیک ورڈ کمیشن سے ایمپریکل ڈیٹاحاصل کیا جانا چاہئے۔ اس کے لئے کمیشن کو ضروری مالی مدد کی فراہمی کی جائے۔اگر اس کے لئے انتخابات دو تین ماہ آگے بڑھانے پڑیں تو بڑھا یا جائے لیکن اوبی سی کے سیاسی ریزرویشن کا مسئلہ حل کئے بغیر بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائیں۔ یہ مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے۔

او بی سی ریزرویشن کے مسئلے منعقد ہونے والے کل جماعتی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسی بھی عارضی انتظام کی مخالف ہے، کیونکہ اس سے او بی سی کمیونٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بیک ورڈ کمیشن قائم کیا گیا ہے، اگرایمریکل ڈاٹا حاصل ہوتا ہے تو اس کے ذریعے او بی سی کی ذات کی بنیادپر مردم شماری بھی کی جائے۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے او بی سی کمیونٹی کو جو دھوکہ دیا ہے اور اس سے اس کمیونٹی کو جو خطرہ لاحق ہوا ہے وہ کم از کم مہاراشٹر میں تو ٹھیک کیا جائے۔اس سے ملک بھرکے اوبی سی طبقے کے ساتھ انصاف کی راہ ہموار ہوگی۔ ناناپٹولے نے کہا کہ ہم نے حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ حکومت اس معاملے میں مثبت رویہ اپنائے گی۔