• 425
    Shares

مودی سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کا شکار: ناناپٹولے

کسان تنظیموں ولیفٹ پارٹیوں کے بھارت بند میں کانگریس کی بھرپورشرکت

ممبئی: مرکزکی نریندر مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کا شکار ہو چکا ہے اور کسانوں، مزدوروں،محنت کشوں و عام لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ ہماری یہ جدوجہد مودی حکومت کی کسان، مزدور، بیر روزگاراور غریب مخالف پالیسی کے خلاف ہے اورجب تک عام آدمی کو انصاف نہیں مل جاتا اس وقت تک ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے کہی ہیں۔

ملک کی کسان تنظیموں وبائیں بازو کی پارٹیوں کی جانب سے بھارت بندمیں ریاستی کانگریس نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اکولہ میں ریاستی صدر کی قیادت میں ایک زبردست ریلی نکالی گئی جس میں ریاستی صدر نے رکشہ چلاتے ہوئے ریلی کی سربراہی کی۔ اس ریلی میں اکولہ شہر کانگریس کے صدر سابق ایم ایل اے ببن راؤ چودھری، کارپوریشن میں حزبِ مخالف لیڈر ساجدپٹھان، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری وترجمان اتل لونڈھے سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناناپٹولے پنے کہا کہ ملک میں کسان تینوں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور یہ احتجاج گزشتہ ایک سال سے جاری ہے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کو کسانوں کا درد نظر نہیں آتا۔ مودی حکومت نے زرعی قوانین اور مزدور قوانین میں تبدیلی کر کے کسانوں اور مزدوروں کو سرمایہ داروں کا غلام بنا دیا ہے۔ مودی حکومت کے دوران ان کے صرف چند صنعت کار دوست ہی فائدہ اٹھا رہے ہیں اور 130کروڑ لوگوں کو انہوں نے بے سہارا چھوڑدیا ہے۔پٹرول، ڈیزل، گیس اور خوردنی تیل کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں لیکن مودی حکومت عوام کے مفاد میں فیصلے نہیں کر رہی ہے۔اکولہ کے علاوہ دھولیہ میں ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر کنال پاٹل،ہاتھ کنگلے میں ایم ایل اے راجوآولے، بلڈانہ میں ضلعی صدر راہل بیندرے نے بھی بھارت میں حصہ لیا جبکہ چندرپور، ناگپور، بھنڈارہ، ناسک، لاتور، شولاپور، کولہاپور سمیت ریاست کے تمام اضلاع وتعلقہ جات کے صدر دفاتر کے سامنے کانگریس کے عہدیداران وکارکنان نے بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔