پونے ضلع میں کانگریس کا جھنڈا پھرپوری قوت سے لہرائے گا

پونے: پونے کانگریس کی نظریات کا حامل ضلع ہے، اس ضلع میں آج بھی کانگریس کو ماننے والوں کا ایک بڑا طبقہ ہے۔ اس علاقے میں کانگریس کا جھنڈا لگاتار لہرا رہا ہے اورآئندہ بھی لہراتا رہے گا۔ پونے ضلع میں کانگریس پارٹی کی طاقت بڑھانے کے لیے ہمیں پوری قوت سے کام کرنا ہوگا۔پونے کے ساتھ ریاست میں بھی 2024میں کانگریس کا جھنڈا پوری قوت سے لہرائے گا۔ اس یقین کا اظہار آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹونے کیا ہے۔پونے ضلع کے ویلوے گاؤں میں مختلف ترقیاتی کیاموں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پونے ضلع میں کانگریس کی طاقت بڑھنی چاہئے کیونکہ پونے ضلع کانگریس کا روایتی ضلع ہے اور یہ دوسروں اضلاع سے کبھی پیچھے نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس یہاں اپنے دم پر لڑے گی اور اس کی تیاری کر لی گئی ہے۔آنے والا وقت پونے ضلع میں کانگریس کے لیے بہت تابناک ہے۔یہاں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کیجئے، کامیابی خود بخود قدم چومے گی۔

ناناپٹولے نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ملک کو بیچ رہی ہے۔ ریلوے، انشورنس کمپنیاں، بینک، بی ایس این ایل سبھی کچھ فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ کسان اور مزدور تباہی کے دہانے پر ہیں۔ ملک کی عوام کو یہ بات اب سمجھ میں آگئی ہے کہ یہ ملک’ہم دو ہمارے دو‘ کے تحت محض چار لوگ چلارہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت کے خلاف عوامی بیداری مہم شروع کی ہے۔ کانگریس نے عام آدمی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے دور میں ملک کو ترقی سے ہمکنار کیا تھا لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت اب سب کچھ بیچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں جو گیس سیلنڈر 350 روپے میں تھا وہ اب 1000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل 100 سے اوپر چلے گئے ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت آتے ہی اس نے سب پہلے جو فیصلہ لیا وہ کسانوں کی قرض معافی کا تھا۔مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے بی جے پی کی طرح قرض معافی نہیں کی کہ جس میں کسانوں کو قطار میں کھڑا کردیا گیا اور نئی نئی فہرستیں بناکر،شرائط وضوابط عائد کرکے کوشش یہ کی گئی کہ زیادہ ترکسانوں کو اس کا فائدہ نہ پہونچے بلکہ تمام ایسا پروگرام ترتیب دیا کہ اس کے تحت تمام کسانوں کی قرض معافی ہوئی۔ یہ بات آج ریاست کے کسان بخوبی سمجھ چکے ہیں کہ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت ہی ان کی ہمدرد ہے جس نے انہیں مشکلات کے دور میں سنبھالا ہے۔ اس لئے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ کانگریس پارٹی کو کسانوں، مزدروں اور محنت کشوں کے ساتھ سماج کے تمام طبقات کی پارٹی بنائیں اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم اپنی پوری قوت کے ساتھ پارٹی کے پیغام کو ہرخاص وعام تک پہنچانے میں جٹ جائیں گے۔