بھارتیہ جملہ پارٹی کا ہرپاپ عوام تک پہنچائیں
- عوام کا اعتماد کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لائے گا: سشیل کمار شندے
-
کانگریس کی’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی پونے سے شروعات
پونے/ممبئی:جب ملک آزاد ہوا تو انگریزوں نے ملک کو لوٹ لیاتھا لیکن کانگریس نے 70 سال میں اس ملک کو دوبارہ کھڑا کردیا۔گزشتہ ۸ سالوں سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ا 70 سالوں میں ملک نے جو شان و شوکت حاصل کیاتھا، اسے خاک میں ملادیا۔ 2014 میں اس نے عوام سے بہت سارے وعدے کئے لیکن اقتدار میں آتے ہی وہ انہیں بھول گئی اوربتایا گیا کہ وہ سب وعدے انتخابی جملے تھے۔ بی جے پی نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا۔بھارتیہ جملہ پارٹی کے یہ پاپ ہمیں عوام تک پہنچانا ہے۔ کانگریس کارکنان سے یہ اپیل مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔
کانگریس کی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کا آغاز کرتے ہوئے وہ پونے میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے، سابق وزیر ڈاکٹر وشواجیت کدم، اے آئی سی سی کے سکریٹری اور مہاراشٹر کے معاون انچارج آشیش دووا، ریاستی نائب صدر سنجے راٹھوڑ، موہن جوشی، ایم ایل اے سنگرام تھوپٹے، پونے ضلع دیہی کے صدر ایم ایل اے سنجے جگتاپ، شہر کانگریس کے صدر اروند شندے، سینئر لیڈر الہاس پاٹل، سابق وزیر رمیش باگوے، بالاصاحب شیورکر، ابھئے چھاجیڈ، کمل ویوہارے، وشال پاٹل، دیپتی چودھری، این ایس یو آئی کے صدر امیر شیخ، ہاتھ سے ہاتھ جوڈو مہم کے ریاستی کوآرڈینیٹر شیام اومالکر وغیرہ موجود تھے۔
اس موقع پر نانا پٹولے نے کہا کہ ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم میں بی جے پی حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ جاری کی گئی ہے۔ مودی سرکار نے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے،راشن میں مٹی کا تیل بند کر دیا۔ بیرون ملک سے کالا دھن لانے، ہر ایک کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے ڈالنے، ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے، کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے وعدے کیے لیکن حقیقت میں کوئی نوکریاں نہیں دی گئیں، بلکہ اس ملک کو بے روزگاروں کا ملک بنا دیا۔ کسانوں کو برباد کر دیا۔ چھوٹے تاجر تباہ ہوگئے اور مٹھی بھر لوگوں مالا مال ہوگئے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ ملک کے 21 لوگوں کے پاس تقریباً71 فیصد دولت ہے۔ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ یہ سب عوام تک پہنچناپہنچنا چاہیے۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے ذریعے گھر گھر کانگریس کے نظریات کولے کر جائیں اور لوگوں کو بی جے پی کے گناہ سے آگاہ کریں۔
سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے نے اس موقع پر کہا کہہ ہم نے مہاتما پھلے اور ساوتری بائی پھلے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم شروعات کی ہے۔ پھلے واڈا کی ایک تاریخی حیثیت ہے، یہیں سے مہاتما پھلے اور ساوتری بائی پھلے نے سماجی مساوات کا علم بلند کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے ملک کے لوگوں کے لیے لڑ رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی اقتدار میں رہے یا نہ رہے، لوگوں کا ماننا ہے کہ اس ملک میں کانگریس کے بغیر کوئی متبادل نہیں ہے۔ کانگریس پر عوام کا یہ پیار اور اعتماد کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لائے بغیر نہیں رہ سکتا۔اس موقع پر ریاستی نائب صدر موہن جوشی، ایم ایل اے سنگرام تھوپٹے، سابق وزیر وشواجیت کدم نے بھی عوام سے خطاب کیا۔