سیاہ زرعی قوانین وایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تحریک و عوامی بیداری مہم کی حکمت عملی بنائی جائے گی

ممبئی: ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے کی سربراہی میں منگل 23فروری کو پارٹی کے پارلیمنٹری بورڈ کی میٹنگ وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن، نریمن پوائنٹ میں ہوگی جس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرتے ہوئے آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کسان مخالف زرعی قوانین وایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آندولن وعوامی بیداری مہم کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔

اس میٹنگ میں مہاراشٹر کانگریس کے نگراں ایچ کے پاٹل، وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، وزیرتعمیرات اشوک چوہان، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سوشیل کمار شندے سمیت پارلیمنٹری بورڈ کے دیگر ممبران شریک ہونگے۔ اس کے علاوہ ریاست میں ہونے والے ۵ میونسپل کارپوریشن نیز 98 بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں مضبوط کرنے کے لیے ریاستی صدر ناناپٹولے کی صدارت میں 24سے26فروری کے درمیان ضلع وشہر کانگریس کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ممبئی کانگریس کے دفتر راجیوگاندھی بھون میں 24فروری کو صبح 10بجے نئی ممبئی شہر ضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ، دوپہر12بجے کلیان شہر ضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ، دوپہر ۲ بجے وسئی ویرار ضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ، دوپہر ۴ بجے کولہاپور ضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ جبکہ جمعرات 25 فروری کو اورنگ آباد دیہی وشہر کانگریس کمیٹی، بھنڈارہ،گوندیا وتھانے دیہی ضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ جمعہ 26فروری کو ایوت محل، چندرپور شہر وضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں پارٹی کی تنظیمی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا نیز شام کو ۵ بجے بھیونڈی میں کانگریس کے کارکنان کا اجلاس معنقد کیا گیا ہے۔