MPCC Urdu News 15 Nov 22

41

آدیواسی ہی یہاں کے اصل باشندے، وہی ملک کے حقیقی مالک ہیں: راہل گاندھی

آدیواسیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کانگریس ہمیشہ پرعزم

بھارت جوڑو یاترادھوم دھام کے ساتھ واشم ضلع میں داخل

لال قلع کی شکل کے دروازے وآدیواسی تہذیب کے ساتھ بھارت یاتریوں کا زبردست استقبال

انجن کھیڈ(ضلع واشم):بھارت جوڑو یاترا منگل کی صبح زبردست دھوم دھام کے ساتھ ہنگولی ضلع سے واشم ضلع میں داخل ہوگئی۔ لال قلعہ کی شکل کے دروازہ اور اورآدیوسی تہذیب کے روایتی رقص ڈھول تاشا گجر کے ساتھ ساتھ ہنگولی، واشیم، آیوت محل، امراؤتی اضلاع سمیت سانگلی سے آئے ہوئے ہزاروں لوگوں نے اس یاترا کا شاندار استقبال کیا۔ اس یاترا نے پورے واشم ضلع میں جوش و خروش بھردیا ہے۔بھارت جوڑو یاترا منگل کی صبح تقریبا 6 بجے فلے گاؤں سے ڈھول تاشوں کے درمیان شروع ہوئی۔ دس بجے انجن کھیڈ میں آرام کے لیے رکی۔ شام کو انجان کھیڈ سے شروع ہوکر یہ واشم شہر پہنچی۔

جدوجہد آزادی کے مشہور انقلابی برسا منڈا کے یوم پیدائش پر کئی مقامات پر قبائلی رقص پیش کیے گئے۔ اس میں قبائلی ثقافت، دنڈار، ڈھول تاشے، بھیمسا رقص شامل تھے۔کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق ریاستی صدر مانیک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر یشومتی ٹھاکر، ڈاکٹروبشواجیت کدم، ریاستی ورکنگ صدر ایم ایل اے محترمہ پرنیتی شندے، ایم ایل اے ڈاکٹر پرگیہ ساتو موجود تھیں۔

برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر واشم ضلع میں آدیواسی طبقے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آدیواسی طبقے کے حق وانصاف کے لیے برسامنڈا برطانوی حکومت کے خلاف لڑے اور محض24سال کی عمر میں شہید ہوگئے۔ وہ انگریزوں کی طاقت کے آگے کبھی نہیں جھکے۔ ہزاروں سال پہلے ملک میں بڑے پیمانے پر جنگلات تھے جو آج ختم ہورہے ہیں، لیکن ان جنگلات کی حفاظت آدیواسی بھائیوں نے ہی کی۔آدیواسی بھائی ہی اس ملک کے اصل باشندے اور مالک ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کی زمین پر پہلا حق آدیواسیوں کا ہے۔ یہ زمین آپ کی ہے لیکن آر ایس ایس و بی جے پی کے لوگ آپ کو آدیواسی نہیں بلکہ ’ونواسی‘مانتے ہیں۔ وہ برسا منڈا کی سوچ پر وہ حملہ کررہے ہیں۔ ونواسی کہہ کر آپ کے حقوق چھینے جا رہے ہیں لیکن کانگریس پارٹی آدیواسی بھائیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ مصروف عمل اورپرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریسی حکومتوں نے آدیواسی طبقے کے حقوق اور ان کے مفاد کے لیے فیصلے لیے۔ بی جے پی آئین کونہیں مانتی ہے، اس لیے بی جے پی کا موقف یہ ہے کہ آدیواسیوں، دلتوں، پسماندہ طبقات و اقلیتوں کو ان کے حقوق نہیں ملنے چاہئیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ برسا منڈا نے ظالم برطانوی حکومت کے خلاف جنگ لڑی، آج ہمیں ظالم بی جے پی حکومت کے خلاف لڑنا ہے۔آدیواسی بھائیوں کو ونواسی کہہ کر بی جے پی ان کی توہین کر رہی ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ آدیواسی طبقے کے جوحقوق ہیں وہ صرف کانگریس ہی دے سکتی ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ کانگریس کی حکومت آئے اور راہل گاندھی وزیر اعظم بنیں، تاکہ ملک کا آئین اور ترنگا محفوظ رہے اور اسی لیے بھارت جوڑو یاترا نکالی گئی ہے۔اس موقع پراسٹیج پر مہاراشٹر کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، لیجسلیچر پارٹی لیڈر بالاصاحب تھورات، آل انڈیا آدیواسی ڈویژن کے صدر شیواجی راؤ موگھے، سابق ریاستی صدر مانیک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر وجے ودیٹی وار، ممبرپارلیمنٹ بالو دھانورکر، اے آئی سی سی کے سکریٹری ومعاون انچارج آشیش دووا اوردیگر عہدیداران موجود تھے۔

یاترا کے دوران گاؤں کے بچوں کے ایک گروپ کو سڑک کے کنارے کھڑا دیکھ کر راہل گاندھی نے انہیں قریب بلایا۔ چاکلیٹ دے کر ان سے بات چیت کرتے ہوئے وہ سڑک پر کھڑی دیہی خواتین کے ایک گروپ سے بھی ملے۔ بوڑھی عورتوں نے راہل گاندھی کی بلائیں لیں۔ ایک جگہ کسان اپنے ہاتھوں میں تور کی فصل لے کر بیل گاڑی پر سوار ہوکر راہل گاندھی سے ملنے آئے۔اس موقع پر کسانوں نے کہا کہ ہم بیل گاڑی سے اس لئے آئے ہیں تاکہ راہل گاندھی کو بتاسکیں کہ کسانوں کی زندگی کتنی مشکل بھری ہوتی ہے۔