MPCC Urdu News 15 March 21

بلدیاتی انتخابات کے لیے کام شروع کردیجیے

ناسک شہر وضلع کانگریس کمیٹی کی جائزہ میٹنگ میں ریاستی صدر کا عہدیداران وکارکنان سے خطاب

ممبئی: ریاست میں کانگریس پارٹی کے وقار کے حصول کے لیے اکائیوں کی سطح پر پارٹی کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے پارٹی سے جڑے ہرشخص کو متحدہ طورپر اور دلجمعی کے ساتھ کام کرنا ناگزیر ہے۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے کانگریس کے کارکنان خود کو پارٹی کے لیے وقف کرتے ہوئے کام پر لگیں۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے جو پارٹی کے دفتر گاندھی بھون میں ناسک شہر وضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداران وکارکنان سے خطاب کررہے تھے۔

ریاستی صدر ناناپٹولے کی صدارت میں منعقد ہوئی اس میٹنگ میں وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، ریاستی کارگزار صدر نسیم خان، بسوراج پاٹل، چندرکانت ہنڈورے، ایم ایل اے پرنیتی شندے، ایم ایل اے ہیرامن کھوسکر، سابق وزیر شوبھا بچھاؤ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری وامسی چند ریڈی، ریاست کے نائب صدر حسین دلوائی، موہن جوشی، شرد اہیر، بھائی نگرالے، چارولتا ٹوکس، ریاستی کانگریس کی شعبہ خواتین کی صدر سندھیا تائی سوالاکھے، اوبی سی شعبے کے ریاستی صدر پرمود مورے، ریاستی ترجمان ہیم لتا پاٹل اور دیوانند پوار وغیرہ موجود تھے۔

عہدیداران وکارکنان کو رہنمائی کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماج کے تمام طبقات ومذاہب کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں کانگریس پارٹی ایک اہم حصہ دار ہے۔ مشکل حالات ہونے کے باوجود حکومت نے اپنی ایک سالہ مدت میں عوام کی فلاح وبہبود کے نقطہئ نظر سے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ کسانوں کی قرض معافی، ژالہ باری سے فصلوں کو ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے کسانوں کی مدد اور کورونا بحران کے دوران اس وبا کی روک تھام کے لیے کیے گئے کام خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ حکومت کے یہ عوامی فلاح وبہبود کے کام ریاست کی عوام تک پہونچانے کی ضرورت ہے۔ اسی کے ساتھ مرکز کی مودی سرکار ہرمحاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ لوگوں کا زندہ رہنا مشکل ہورہا ہے۔پبلک سیکٹر کی تمام سرکاری کمنیاں فروخت کی جارہی ہیں۔ بی جے پی حکومت کی اس عوام مخالف کام کاج کی وجہ سے لوگوں میں زبردست ناراضگی وغصہ ہے۔ ایسی صورت میں کانگریس پارٹی کے کارکنان وعہدیداران گاؤں گاؤں جاکر پارٹی کے موقف اور ریاستی حکومت کی فلاحی کاموں سے لوگوں کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم ریاست کے ہرشخص تک پہونچنے اور اس تک اپنی بات پہونچانے میں کامیاب ہوئے تو مجھے یقین ہے کہ کانگریس پارٹی ریاست میں ایک بار پھر اول مقام حاصل کرلے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے نظریات ہی دراصل ملک کے نظریات ہیں اور اسی نظریے پر ہی ملک کے مستقبل کی تعمیر ہوسکتی ہے۔ کانگریس پارٹی آئین ودستور کو ماننے والی پارٹی ہے جو تمام طبقات کے لوگوں کے سات انصاف کرنے والی اور انہیں طاقت فراہم کرنے والی پارٹی ہے۔ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے فیصلے کررہی ہے اور یہ فیصلے عوام تک پہونچنا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ودھان پریشد اور گرام پنچایت کے انتخابات میں پارٹی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی کرنے کے لیے تیار رہیے۔