MPCC Urdu News 15 February 23
کانگریس کو نمبر ون کی پارٹی بنانے کے لیے بی جے پی کو شکست دینے کا عہد کریں: نانا پٹولے
کانگریس پارٹی متحد ہے، ہمارے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ہے: نانا پٹولے
ملک، جمہوریت وآئین کے تحفظ کے لیے کانگریس ہی ایک امید کی کرن ہے: بالاصاحب تھورات
امراؤتی وناگپور کی جیت آنے والے انتخابات میں کامیابی کا پہلا زینہ ہے: اشوک چوہان
ریاستی کانگریس کی جانب سے ودھان پریشد کے نو منتخب ممبران و بھارت جوڈو یاتریوں کا استقبال
ممبئی:بھارت جوڑو یاترا کا پیغام ریاست بھر کے لوگوں تک پہنچانے کے لیے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت گھرگھر راہل گاندھی کے پیغام کو پہنچائیے۔ بھارت جوڑو یاترا نے عوام کو ایک مثبت پیغام دیاہے۔ امراؤتی اور ناگپور ودھان پریشد انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ہے اور قصبہ چنچوڑ کے ضمنی انتخابات میں بھی ایم وی اے کے امیدوار اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ عوام بی جے پی کی حکمرانی کے طریقہئ کار سے تنگ آچکی ہے، اسے شکست دینے کے لیے آئندہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو نمبر ون کی پارٹی بنانے کا عہد کریں۔یہ اپیل مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدردفتر تلک بھون میں کانگریس کی مجلسِ عاملہ کی میٹنگ ریاستی صدر نانا پٹولے کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں کانگریس لیجسلیٹر لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلی اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، ریاستی کارگزار صدر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے،ایم ایل اے پرنیتی شندے، سابق ایم پی کمار کیتکر، ڈاکٹر بھالچندر منگیکر، حسین دلوائی، سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، سابق وزیر وجے ودیٹی وار، سنیل کیدار، یشومتی ٹھاکر، ڈاکٹر وشواجیت کدم، ستیج بنٹی پاٹل، وسنت پورکے، خواتین کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، سیوا دل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے، ریاستی جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرمود مورے، این ایس یو آئی کے عامر شیخ، ممبرانِ اسمبلی، ضلعی صدر دیگر عہدیداران موجود تھے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ملک بی جے پی کی آمریت تنگ آچکا ہے۔ بی جے پی اور مودی کسی اصول اور قانون کونہیں مانتے۔راہل گاندھی اور قومی صدر ملکارجن کھرگے کی پارلیمنٹ میں تقریر کو خارج کر دیا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے مودی اور اڈانی کے درمیان تعلقات کے بارے میں پوچھا تھا لیکن مودی حکومت نے من مانے طریقے سے پارلیمنٹ میں ان کی تقریر کو کارروائی سے خارج کرکے جمہوریت کا قتل کیا۔پٹولے نے کہا کہ مودی حکومت میں کسانوں، نوجوانوں، چھوٹے تاجروں، صحافیوں اور میڈیا ہاؤسیس پر ظلم کیا جارہا ہے۔ناناپٹولے نے لوگوں سے اپیل کیا کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے ذریعے گھر گھر جائیے اور بی جے پی و مودی حکومت کے گناہوں کو عوام تک پہنچایئے۔
کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ پوری دنیا نے بھارت جوڑو یاترا کا نوٹس لیا ہے۔ اتنی بڑی پد یاترا آج تک نہیں ہوئی تھی۔ مہاراشٹر میں اس یاترا کو کامیاب بنانے کے لیے ہم سب نے مل کر کام کیا اور اسے ملک بھر میں سراہا گیا۔ بھارت جوڑو یاترا نے لوگوں کے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دلایا۔ بی جے پی کی حکومت میں ایسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے کہ لوگ اب سوال کرنے لگے ہیں کہ ملک میں جمہوریت اور آئین بچے گا بھی کہ نہیں۔ لیکن بھارت جوڑو یاترا کی وجہ سے کانگریس سے لوگوں کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔ تھورات نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور آئین کو صرف کانگریس ہی بچا سکتی ہے۔کانگریس ملک، جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے عوام میں امید کی کرن ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان نے اس موقع پر کہا کہ ریاست میں سیاسی صورتحال غیر مستحکم ہے۔ شندے-فڈنویس حکومت قانون ساز کونسل کے انتخابات کے نتائج سے بے چین ہے، اسی لیے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور ودھان سبھا کے انتخابات بھی ایک ساتھ ہونے کا امکان ہے، ایسے میں آنے والا سال بہت اہم ہے۔ چوہان نے کہا کہ کانگریس نے امراؤتی اور ناگپور قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے اور یہ جیت آئندہ انتخابات میں جیت کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سبھی لیڈروں نے آنے والے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے لئے کام شروع کر دیا ہے۔امراؤتی گریجویٹ حلقہ سے جیتنے والے دھیرج لنگاڈے اور ناگپور اساتذہ حلقہ سے جیتنے والے سدھاکر آڈبولے کو اس موقع پر مبارکباد دی گئی۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی کے ساتھ کنیا کماری سے کشمیر تک پدیاترا میں حصہ لینے والے مہاراشٹر کے بہادریاتریوں کا بھی استقبال کیا گیا۔