مہنگائی اورایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ

کانگریس کے ریاستی صدر ناناپٹولے کی گورنر سے آج ملاقات

ممبئی: مودی حکومت کی ظالمانہ وغیرمنصفانہ کام کاج کی وجہ سے ملک کی عوام کوزبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پٹرول، ڈیژل، ایل پی جی سیلنڈر اورخوردنی تیل کی قیمتیں آج آسمان چھورہی ہیں۔ مہنگائی سے عوام کو راحت دینے کے بجائے مودی حکومت ایندھن کی قیمتوں میں روزآنہ اضافہ کررہی ہے۔ آج بھی سی این جی وپائپ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے مودی حکومت نے عوام کے زخموں پر نمک ڈالا ہے۔ کانگریس پارٹی اس مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر اتر کر مودی حکومت کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور ہم آج(15؍جولائی) کو اس معاملے میں ریاستی گورنر سے ملاقات کریں گے۔ یہ اطلاع آج یہاں ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے دی ہے۔

تلک بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ملک کی عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ ایندھن، گیس، خوردنی تیل اوردالوں کی قیمتیں روزآنہ بڑھتی جارہی ہیں۔ زندگی کودوبھر بنانے والی اس حکومت کے خلاف کانگریس نے احتجاج کا موقف اپناتے ہوئے ۷ جولائی سے ریاست بھر میں مختلف احتجاجی پروگراموں کے ذریعے آوازبلند کی ہے۔ کل (آج)ہینگنگ گارڈن سے راج بھون تک سائیکل ریلی نکال کرگورنر کو مہنگائی کے خلاف میمورنڈم دیا جائے گا۔ عوام کی آوازمرکزی حکومت تک پہونچانے اورسورہی مودی حکومتل کو بیدار کرنے کے لئے کانگریس کی جدوجہدجاری ہے تاکہ حکومت عوام کو راحت دے۔ اس پریس کانفرنس سے قبل تھانے ضلع کی مختلف پارٹیوں کے بڑی تعداد میں ریاستی صدر کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔