Mind power: 10 thing that immediately change your life (10 Min Read)

مائینڈ پاور

دس کام جو فوری آپ کی زندگی بدل دیں گے

معزالرحمان، ناندیڑ

یہ مضمون آپ کی معلومات میں اضافہ کیلئے نہیں لکھا گیا ہے اس میں بیشتر ایسی باتیں ہیں جو آپ پہلے سے جانتے ہیں یا کہیں نا کہیں آپ نے سنی ہیں۔
اسکے لکھنے کااصل مقصد یہ ہیکہ آپ کا نالج آپ کا پاور بن جائے، ان دس نکات پر عمل کرنے کے نتیجے میں آپ اپنی زندگی میں فوری تبدیلی محسوس کریں گے۔
ذیل میں جو نکات دیئے گئے ہیں انہیں پڑھ کر ہر نکتے پر آپ کو غور کرنا ہے اور اسے 1سے 10تک نمبر دینا ہے۔ ہماری کوشش رہیگی کہ ان دس نکات میں سے ہر نکتے پر ہم لیول 10تک پہنچ جایئں۔ تو شروع ہوجایئے ایک پین اور کاغذ لیجئے۔

1۔ دماغ کو توانا رکھنے کیلئے بہترین غذا کا استعمال:

ماہرین نفسیات کے مطابق مناسب غذاؤں سے دماغی کمزوریوں میں مبتلاء لاتعداد مریض اپنے مرض پر قابو پاچکے ہیں۔غذائی تبدیلیوں سے دماغ کو ایسے اجزا مل جاتے ہیں جو اکتساب، توجہ(focus) اور یادداشت کو بہتر بناسکتے ہیں۔ اور ان میں سر فہرست یہ غذائیں، پھل اور سبزیاں شامل ہیں:
بلیو بیری،بٹر ناشپتی(avocados) پتہ گوبھی، ہری سبزیاں جیسے پالک وغیرہ، انڈے، سامن مچھلی، زیتون اور کھوپرے کاتیل، بادام، اخروٹ، چائے اور بیج جیسے مٹر، مٹکی پھلیاں۔

2۔آٹومیٹک نیگیٹیو تھاٹس(ANTs ) کو روکیں:

دماغ میں اکثر منفی خیالات کا بہاو بڑھ جاتا ہے، کبھی کبھی رات رات بھر خیالات جاری رہتے ہیں اور کبھی نماز میں بھی ان کا تسلسل ٹوٹتا نہیں ہے اس بہاو کو روکنا ضروری ہے۔ورنہ یہ دماغ کے پروسیسر کو ہینگ( Hang) کردیتے ہیں۔
آپ اپنے آپ سے جو باتیں کرتے ہیں ان کا مشاہدہ کریں، اپنے آپ سے بات کرتے کرتے ہم کئی منفی فیصلے لے لیتے ہیں، جیسے ‘میں بہت پریشان ہوں’، ‘مجھ میں اتنی صلاحیت نہیں ہے’، ‘میری یادداشت اچھی نہیں ہے’ یا ‘میں یہ نہیں کرسکتا’
ایسے کئی منفی خیالات دماغ کہ کارکردگی کو متاثر کرتے ہیں۔ انہیں روکنا چاہئے۔

3۔ورزش کریں:

دماغ کا بنیادی کام ہمارے حرکات وسکنات(movements) کو کنٹرول کرنا ہے، جب ہم ورزش کرتے ہیں تو دماغ کی خود بخود اوورہالنگ ہوتی ہے،ورزش کی وجہ سے نیورو پلاسٹی اور نیرو جینیسیس میں اضافہ ہوتا ہے۔
(دماغ کے عصبی خلیات (نیوران) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتے ہیں جب یہ مر جاتے ہیں تو انکی جگہ نئے خلیے نہیں بنتے بلکہ وہ دماغ کے خالی حصہ کی جانب ٹرانسفر ہوتے ہیں۔ نئے حالات اورماحول میں ہونے والی تبدیلیوں کے ریسپانس میں سرگرمیوں کو ایڈجسٹ کرنے کی اسی صلاحیت کو نیورو پلاسٹی کہتے ہیں۔)

دماغ سے جو آرڈر ہمارے جسم کو جاتا ہے اسے ‘مائنڈ باڈی’ کنیکشن کہتے ہیں، اور جسم سے دماغ کو جو ریسپانس ملتا ہے اسے ‘باڈی مائینڈ’ کنیکشن کہتے ہیں یہ دونوں مل کر ایک لوْپ تیار کرتے ہیں جس سے ہمارے دماغ کی کارکردگی بڑھتی ہے۔
آج کل ہماری بھاگ دوڑ بہت کم ہوگئی ہے، بعض ماہرین کا ماننا ہیکہ ایک جگہ بیٹھنے(sitting) سے جتنی بیماریاں ہو رہی ہیں اس کا تناسب سگریٹ نوشی کے نقصانات کے برابر ہورہا ہے۔ (*گوگل کیجئے: sitting is new smoking)
حاصل کلام یہ ہیکہ آپ روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش کیجئے بھاگئے دوڑیئے یا تیز تیز چلنے کی ورزش(Brisk walk) کیجئے یہ سب کام دماغ کی کارکردگی کو بڑھاتے ہیں۔ نیورو پلاسٹی اور نیورو جینیسس کو بوسٹ اپ کرتے ہیں۔
بچوں کی ذہنی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے انہیں کھیلنے دیجئے بھاگنے دوڑنے درختوں پر چڑھنے دیجئے، بھاگ دوڑ کے کھیل،آنکھ مچولی، سویمنگ، اسکیٹنگ وغیرہ ذہنی استداد کو بہت اونچی سطح پر لے جاتے ہیں۔ بچوں کو آئیسولیٹ کرکے اسٹڈی ٹیبل تک محدود کرنے سے ان کی ذہنی صلاحتیں متاثر ہوتی ہیں۔

4.برین نیوٹریشن(اومیگا3/ DHA):

ہمارا دماغ ہمارے جسم کا صرف 2فیصد ہوتا ہے لیکن جسم کو لگنے والی انرجی کا 20فیصد حصہ دماغ استعمال کرتا ہے۔ دماغ کے انجن کے اسموتھ فنکشن کیلئے اس میں درکار تیل یا اومیگاتھری نام کی چکنائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹرس کے مطابق روزآنہ ایک آدمی کو دوہزار ملی گرام اومیگا تھری درکار ہوتی ہے اگر غذا کے ذریعہ یہ ہم کو نہیں مل پا رہی ہو تو اسکے سپلمنٹ کا استعمال کرنا چاہئے۔
اومیگا تھری سے بے چینی، گھبراہٹ اور ڈپریشن کو دور ہوجاتی ہے۔
(پھلی کا تیل، اخروٹ ، السی کے بیج ، سبز پتوں والی سبزیاں ، مچھلی اور پتہ گوبھی اومیگا تھری حاصل کرنے کے بہترین ذرائع ہیں)

5.اچھا فرینڈ سرکل بنائیے:

آپ کی فیملی آپ کی چوائس نہیں ہوتی لیکن آپکے دوست آپکی چوائس ہوتے ہیں، ہمیشہ مثبت سوچنے والوں کے ساتھ رہیئے منفی سوچ رکھنے والے لوگ اور ہمیشہ "نہیں ہوتا” بولنے والے لوگ آپ کی دماغی صلاحیتوں کو ختم کردیتے ہیں، ایسے لوگوں سے دوری بنائے رکھناضروری ہے۔نئے نئے پراجیکٹس پر کام کرنے والے، نئی جگہوں پر گھومنے والے، اور بڑے بڑے چیلنجس کو فیس کرنے والے حوصلہ مند لوگوں کے ساتھ رہنا چاہئے۔

6۔ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف رکھئے:

ہر کسی کی زندگی میں درد کا ایک دور (pain period) آتا ہے،جس میں ہمیں بہت تکلیف سہنا پڑتی ہے۔ یہ دور تعلقات میں فائنانس اور کرئیر میں آسکتا ہے تب اسے مینیج کرنا ضروری ہے سب سے پہلے اس درد کو قبول(acknowledge) کریں، ورزش کے دوران ہونے والے درد کو ہم بخوشی گوارا کرتے ہیں، اسی طرح پین پیریڈ کی تکلیف کو بخوشی گوارا کریں۔
اس دوران ہماری طبیعت اچاٹ ہوجاتی ہے اور ہمارے اندرون کا ماحول آلودہ ہوجاتا ہے، اس کیلئے ضروری ہیکہ آپ خود صاف ستھرے رہیں اپنے آپ کو صاف ستھرا رکھیں، بیڈ روم، ڈیسک ٹاپ،اسٹڈی ٹیبل، سب صاف رکھیں، سب چیزیں ترتیب سے رکھیں آپ کی اندرون کی دنیا میں کنفیوژن ہے یا آپ گہری سوچوں میں الجھے ہوئے ہوں تو اس کا راست اثر آپ کے بیرون دنیا پر پڑتا ہے اور بقول شاعر؂

بکھرا پڑا ہے میرے ہی گھر میں مرا وجود
بیکار محفلوں میں مجھے ڈھونڈتا ہے تو

والی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ جیسے ہی آپ اپنی بیرون کی دنیا درست کریں گے چیزیں ترتیب میں رکھیں گے اور مناسب روشنی اور ہوادار مقام پر رہیں گے آپ کے اندرون کی دنیا بھی بدل جائے گی۔آپ پریشانیاں اور گہری سوچیں بدل جائیں گی۔کنفیوژن دور ہوجائے گی۔

7۔اچھی نیند لیجئے:

ورزش کرنے والے جانتے ہیں کہ ہمارے عضلات اس وقت بنتے ہیں جب ہم آرام کررہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح ہمارا دماغ بھی ایک طرح کا عضو یا مسل(muscle) ہے یہ بھی اسی وقت بنتا ہے جب ہم نیند میں ہوتے ہیں۔لہذا اچھے دماغ کیلئے اچھی نیند بہت ضروری ہے۔
اچھی نیند اور نیند میں خواب دیکھنا ہماری کامیابی کیلئے ضروری ہے، نیند میں ہمارا دماغ مسائل کا حل خوابوں کی شکل میں پیش کرتا ہے اس کےلیے ضروری ہیکہ خوابوں کو یاد رکھا جائے ورنہ اس شعر کے مصداق؂

ٹوٹے ہوئے خوابوں نےہم کو یہ سکھایا ہے
دل نے جسے پایا تھا آنکھوں نےگنوایا ہے

والی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ کامیاب لوگوں کو انکے خواب مسائل کو حل کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ نیند کے دوران سب کانشیس مائنڈ تیزی سے کام کررہا ہوتا ہے وہی ہمیں خواب بھی دکھاتا ہے اور کامیاب لوگوں کو خوابوں میں مسائل کا حل نظر آتا ہے۔
شیخ سعدی سے منسوب رباعی بہت مشہور ہے؂

بلغ العلےٰ بکمالہٖ
کشفَ الدُجیٰ بجمالہٖ
حسُنت جمیعُ خِصالہٖ
صلو علیہ و آلہٖ

کہتے ہیں کہ اس رباعی کے ابتدائی تین مصرعے انہوں نے بنا لئے تھے تین روز تک مسلسل کوشش کی لیکن آخری مصرعہ نہیں بنا سکے آخر تیسری رات کو جب سوئے تو خواب میں آخری مصرعہ "صلو علیہ و آلہ” نظر آیا۔
کیمیسٹری کا پیروڈک ٹیبل بھی خواب میں ہی ایجاد کیا گیااور سیونگ مشین کے موجد نے خواب میں ہی سیونگ مشین ایجاد کی۔ آپ کو کامیاب زندگی گزارنے کیلئے اچھی نیند اور خوابوں کو یاد رکھنا ضروری ہے۔
(خوابوں کو یاد رکھنے کے طریقہ پر ہم آئندہ گفتگو کریں گے۔)

8۔دماغ کو پروٹیکشن دیجئے:

دماغ کو چوٹ وغیرہ لگنے سے محفوظ رکھنا چاہئے مثلا کھیلتے وقت ہیلمیٹ وغیرہ کا استعمال، لیکن سب سے اہم ہے موبائیل فونس سے نکلنے والی ریڈیو فریکوینسی الیکٹرو میگنیٹک فیلڈ سے حفاظت۔
اس سے ہماری چیزوں کو پہچاننے کی یادداشت (figural memory) متاثر ہوتی ہے اور یادداشت کمزور ہوجاتی ہے۔
آج کل 90 فیصد بچے اپنے سر کے نیچے موبائیل فون رکھ کر سوتے ہیں اس سے ذہنی کارکردگی پر بہت برا اثر پڑتا ہے رات میں فون کو فلائٹ موڈ پر رکھئے یا اسے بستر سے دور چارجنگ کیلئے لگا کر رکھیئے۔

9۔نئی چیزیں سیکھئے:

نئی معلومات اور نئے ہنر سیکھنے سے دماغ کے بند دریچہ کھلتے ہیں، ہم جب نئی چیز سیکھتے ہیں تو ایک خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو جاتے ہیں یہی حیران ہونے کی کیفیت دماغ کو بوڑھا ہونے سے بچاتی ہے۔ دی سائینٹسٹ میگزین کے مطابق دواخانوں سے زیادہ اکیڈمیاں یا تعلیم گاہیں بنانی چاہئے اس سے یہ ہوگا کہ لوگ بیمار ہی نہیں ہونگے۔بہر حال دماغ کو بوڑھا ہونے سے بچانے میں پیسے سے زیادہ نئی نئی چیزوں کو سیکھنا اہم ہے۔ مشاہدات بتاتے ہیں کہ نئی نئی چیزیں سیکھنے والے لوگ زیادہ دنوں تک زندہ رہتے ہیں اور جن کی لرننگ بند ہوجاتی ہے ان کے دماغ کی نسیجیں بند ہوتی جاتی ہیں۔ اور وہ بہت جلد ختم ہوجاتے ہیں۔

10۔ اپنی اسٹریس کو مینیج کیجئے:

زندگی میں بہت ساری مصروفیتیں ہیں اسی میں سب کو مینیج کرنا ضروری ہے فائنانشل اسٹریس ، ورک اسٹریس اور ریلیشن شپ میں اسٹریس سوشل اسٹریس سب کو مینیج کرنا ضروری ہے ان تمام کو مینیج کرنے میں آپ کہاں تک کامیاب ہوتے ہیں۔ جن لوگوں کی سیلف مینجمنٹ درست ہوتی یے انکی اسٹریس لیول بھی کم ہوتی ہے۔

جیسا کہ میں نے ابتداء میں ہی بتایا کہ اس مضمون کا مقصد آپ کی معلومات بڑھانا نہیں ہے بلکہ آپ کے نالج کو پاور میں کنورٹ کرنا ہے۔ تو پین اور کاغذ لیجئے اور فوری اپنی زندگی میں تبدیلی کو محسوس کیجئے۔

سوال نمبر1:
دماغ کو توانا رکھنے کیلئے بہترین غذا کے استعمال میں آپ اپنے آپ کو دس میں سے کتنے نمبر دیں گے؟ (1-10)

سوال نمبر 2:
منفی خیالات کا بہاو یا وسوسوں کو روکنے میں آپ کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں؟ (1-10)

سوال نمبر3:
روزآنہ ورزش کے معاملہ میں اپ اپنے آپ کو کہاں پاتے ہیں؟ (1-10)

سوال نمبر4:
برین نیوٹریشن (اومیگا تھری)کے معاملہ میں آپ اپنے آپ کو کہاں پاتے ہیں؟(1-10)

سوال نمبر5:
کی�� آپ کے دوست مثبت سوچ رکھنے والے اور حوصلہ مند ہیں؟(1-10)

سوال نمبر6:
کیا آپ اپنے آپ کو اوراپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھ پاتے ہیں؟(1-10)

سوال نمبر7:
کیا آپ نیند سے جاگنے کے بعد خوابوں کو یاد رکھ پاتے ہیں؟(1-10)

سوال نمبر8:
کیا اپ اپنے دماغ کو پروٹیکشن دیتے ہیں؟(1-10)

سوال نمبر9:
کیا آپ نئی چیزیں سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟ یا پچھلے چھ ماہ میں کوئی نئی چیز سیکھی ہے؟(1-10)

سوال نمبر10:
آپ اپنی اسٹریس کو کتنا مینیج کرپاتے ہیں؟(1-10)

اب اپ اپنا اسکور چیک کریں، اگر آپ کے نمبرات 35 سے زیادہ ہے تو آپ پاس گریڈ میں ہیں، 60 سے زائد ہیں تو فرسٹ کلاس۔😅😊

خوش رہیں، خوشیاں بانٹتے رہیں😊💐💐💐💐

Leave a comment