ایم آئی ایم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے نام نہاد سیکولرجماعتیں خوف زدہ:فیروزلالہ
ناندیڑ (نامہ نگار) مجلس اتحادالمسلمین کو ناندیڑ میں ضلع میں مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے ضلع صدر فیروز لالہ سرگرم ہیں بھوکر، اردھاپور، مدکھیڑ، قندھار، دیگلور، بلولی، حمایت نگر، کے بعد فیروز لالہ کی قیادت میں ناندیڑ ضلع کمیٹی نے تعلقہ کنوٹ کا رخ کیا. اس ضمن میں تعلقہ کمیٹی کی جانب سے شہر کنوٹ میں حالات حاضرہ کے عنوان سے ایک جلسہ عام منعقد ہوا. جس سے خطاب کرتے ہوئے فیروز لالہ نے مخالفین پر پ±رزور تنقید کی. اپنے خطاب میں فیروز لالہ نے کہا کہ مجلس ایک سیکولر جماعت ہے. اور وہ ہر طبقے کی نمائیندگی کرتی ہے. مگر کچھ نام نہاد سیکولر جماعتیں مجلس کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں. انھوں نے کانگریس اور این سی پی کو اہنی تنقید کی لپیٹ میں لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور این سی جوکہ سیکولر ہونے کا دعوی کرتے ہیں انھوں نے ناندیڑ ضلع کے حمایت نگر تعلقہ میں شیوسینا کی حمایت کرتے ہوئے اس پارٹی کا صدرِ بلدیہ بنایا. انھوں نے مزید کہا کہ دہلی میں دستور کی کاپیاں جلائے جانے کے باوجود کانگریس کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے. کانگریس کو ایک ناکام اپوزیشن قرار دیتے ہوئے فیروز لالہ نے کہا کہ دستور کی کاپیاں جلانے سے لے کر دیگر تمام معاملات میں کانگریس اپوزیشن کی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہی ہے. اپنے خطاب میں فیروز لالہ نے کنوٹ کے مقامی مسائل پر بھی گفتگو کی اور کنوٹ کے ایک مقامی لیڈر کو مقدمے میں پھنسا کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیلے جانے پر تنقید اور افسوس کا اظہار کیا. واضح رہے کہ ایک چھوٹی سی غلطی پر کنوٹ کے ایک مقامی لیڈر کو سنگین مقدمات میں جکڑ کر لمبا عرصہ جیل میں بند رکھا گیا. اس پر فیروز لاہ نے شدید تنقید کی اور عہدیداران کے دوہرے معیار پر افسوس کا اظہار کیا. اس جلسہ عام سے خطاب کرنے کے علاوہ فیروز لالہ نے اپنے ایم آئی ایم کے تعلقہ دفتر کا افتتاح بھی کیا. اس موقع پر ضلع جنرل سیکریٹری سید مجیب، اڈھاک کمیٹی کے ممبر ایڈوکیٹ سید مشتاق، اسماعیل جاوید، شکیل شیخ، محمد سلیم، شاہد انور، حیدر پٹیل، سید صلاح الدین، غفران، شیخ اسلم، کے علاوہ کنوٹ کے شیخ مظہر اور شیخ اطہر بھی موجود رہے.