حیدرآباد میں ایم آئی ایم کے مہاراشٹر کے منتخب عوامی نمائندوں کے لئے خصوصی ورکشاپ
اورنگ آباد:(جمیل شیخ): مہاراشٹر میں مجلس اتحاد المسلمین کے تمام ایم ایلز،کارپوریٹرس اور خصوصی کارکنان کا دوروزہ ورکشاپ کا انعقاد حیدرآباد میں ۴ اور۵ستمبر کو ایم آئی ایم قائد اسد الدین اویسی کی رہنمائی میںمنعقد کیا جارہا ہے۔جس میں پارٹی کے سینئر قائدین اور لیڈران ،مہاراشٹر سے منتخب ہوئے تمام عوامی نمائندوں کی رہنمائی کریں گے۔مجلس اتحاد المسلمین کے ایم ایل اے امتیاز جلیل کے پریس نوٹ کے مطابق حیدرآباد میں دودن کی خصوصی نشست ان تمام ۲۱۱ کارپوریٹرس، کاﺅنسلرس، ضلع پریشد اور ضلع پنچایت سمیتی کے تمام ممبران جو مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے مجلس کی جانب سے منتخب ہوئے ہیں کے لئے رکھی گئی ہیں۔ یہ خصوصی ورکشاپ حیدرآباد کے گڈی ملکاپور کے کنگ پیالیس روز گارڈن فنکشن ہال میں رکھاگیا ہے۔ ان دو دنوں کی نشستوں میں شرکت کرنے والے تمام ذمہ داران اپنے اپنے علاقہ میں کئے گئے ترقیاتی کاموں اور پارٹی کے تئیں ان کی کارکردگی کو بھی پیش کریں گے۔ نیز اس کے علاوہ حیدرآباد میںمجلس اتحاد المسلمین کی وہ تمام کارکردگی خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبہ میںکیے گئے نمایاں کاموں کوبھی ان تمام مہاراشٹر عوامی نمائندوں کے سامنے رکھیں گے۔جس میںمجلس کی جانب سے ۸ ایسے اسکول چل رہے ہیں جہاں طلباءوطالبات سے فیس وصول نہیں کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ رفاعی ہسپتال جہاں غریب اور متوسط مریضوں کو کم فیس میںبہتر سے بہتر خدمات مہیا کرائی جاتی ہیں۔واضح رہے کہ اس خصوصی نشست میں نقیب ملت اکبر الدین اویسی اور حیدرآباد کے تمام ایم ایلز بھی خصوصی رہنمائی کریں گے۔
#Urdu news