ہنگولی ضلع سماج وادی پارٹی کی مجلس عاملہ کی تشکیل
ناندیڑ: 12ستمبر ( راست) ریاستی رکن اسمبلی و صدر ریاستی سماج وادی پارٹی جناب ابوعاصم اعظمی کی ہدایت پر ورکنگ پریسیڈنٹ سماج وادی پارٹی سید معین نے گزشتہ دنوں پارٹی کی توسیع او راستحکام کے لئے ہنگولی کا دورہ کیا۔ جہاں عوام الناس نے ان کا فقیدالمثال خیر مقدم کیا۔ ان کے خیر مقدم میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔ جنہوں نے زبردست آتش بازی کی گونج میں ایک ریلی کی شکل میں گیسٹ ہاﺅس پہنچایا۔ ایک بڑے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے جناب سید معین نے سماج وادی پارٹی کے اغراض و مقاصد، کارکردگی پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ دلت۔ مسلم اور محروم انصاف طبقات سماج وادی پارٹی کے پرچم تلے جمع ہوں اور فرقہ پرستوں کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے ہنگولی کے دلت اور مسلم طبقہ سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے شعور کا مظاہرہ کریں اور فرقہ پرستوں کے ساتھ ساتھ دلت و مسلم طبقات کا استحصال کرنے والی نام نہاد سیکولر جماعتوں کو یکسر مسترد کردیں۔ سید معین کے حکمت آمیز بیان کو کافی پسند کیا گیا۔ بعد ازیں سماج وادی پارٹی ہنگولی ضلع کی مجلس عاملہ تشکیل دی گئی۔ جناب خلیل بیلدار صاحب کو سماج وادی پارٹی کا ضلع صدر نامزد کیا گیا۔ جبکہ مولانا نذیر احمد خان کو اسٹیٹ سیکریٹری سماج وادی پارٹی نامزد کیا گیا۔ جنرل سیکریٹری ضلع ہنگولی کی حیثیت سے پٹھان عمران خان کو منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر ذوالفقار اعظمی ناندیڑ، پربھنی اور دیگر قرب و جوار سے سماج وادی پارٹی کے کارکنان و محبان بڑی تعداد میں موجود تھے۔